Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوری 2022، گذشتہ 32 برسوں کے دوران سب سے زیادہ بارشوں کا مہینہ

جنوری 2022 میں تاریخ کی سب سے زیادہ بارش برسی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری 2022 میں ملک بھر میں گذشتہ 32 برسوں کے دوران سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے ماحول پر ڈیٹا اکھٹا کرنے والے سینٹر (کلائیمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینیٹر کراچی) کی رپورٹ کے مطابق جنوری کے مہینے میں مسلسل بارشوں کے تین دور ہوئے جو معمول سے بہت زیادہ تھے۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں مسلسل برف باری اور کراچی اور بلوچستان میں سمندری طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔  
رپورٹ کے مطابق زیادہ بارشوں کی وجہ سے گزشتہ 62 برسوں کے مقابلے میں جنوری 2022 دوسرا بھیگا ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔
اس دوران پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 88.6 فیصد، گلگت بلتستان میں 152، بلوچستان میں 166، خیبرپختونخوا میں 120.6 اور پنجاب میں 257.6 فیصد بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔  
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 62 برسوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ بارش 55.9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 1990 میں ریکارڈ کی گئی۔ 
جنوری 2022 میں ملک بھر میں بارش کی مقدار 52.7 فیصد رہی جبکہ ماہانہ اوسط بارش کی مقدار 18.9 ملی میٹر بنتی ہے۔ اس حساب سے گزشتہ ماہ 177 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ ہوئیں۔  
ماہانہ اوسط متوقع بارشوں کے رجحان کو سامنے رکھا جائے تو جنوری میں کشمیر میں 52 ملی میٹر کے مقابلے میں 99 ملی میٹر، گلگت بلتستان میں 17 کے مقابلے میں 45، بلوچستان میں 18 کے مقابلے میں 48، خیبر پختونخوا میں 100 کے مقابلے میں 120، پنجاب میں 55 کے مقابلے میں 258  اور سندھ میں 2.8 کے مقابلے میں 23 ملی میٹر زیادہ بارشیں ہوئیں۔  
سال 2022 میں بھیگا ترین دن پانچ جنوری کا تھا جس دن پسنی میں 115 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مہینے بھر میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 218.6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ 

کم ترین درجہ حرارت 12 جنوری کو کالام میں منفی 13.5 ریکارڈ ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی

اس مہینے کا اوسط درجہ حرارت تقریباً 11 سینٹی گریڈ رہا تاہم بارشوں کے باوجود پورے مہینے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا۔
جنوری میں ہی سب سے زیادہ درجہ حرارت 31 جنوری کو مٹھی میں 32.5 رہا جبکہ مہینے کا سب سے کم درجہ حرارت 12 جنوری کو کالام میں منفی 13.5 ریکارڈ ہوا۔  
راولپنڈی میں سنہ 1954، لاہور میں1981، جہلم میں 1950، سیالکوٹ میں 1953، اورماڑہ 1970 اور لسبیلہ میں 1944 کے بعد اوسطاً ماہانہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جبکہ جہلم، راولپنڈی، سکھر اورماڑہ، لاہور اور موہنجو دڑو میں 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش سے کئی سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔  
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم اور آب و ہوا سے متعلق یہ ڈیٹا ملک کے 25 مقامات سے حاصل کیا جاتا ہے جبکہ ایک سو سٹیشنز سے موسمیاتی رپورٹس کا بھی موازنہ کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں موازنے کا سال 1961 رکھا گیا ہے تاہم ادارے کے پاس تقسیم ہند سے پہلے کی موسمیاتی رپورٹس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔  

شیئر: