Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیبیا کے وزیراعظم قاتلانہ حملہ میں محفوظ: الحدث ٹی وی

لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ پر دارالحکومت طرابلس میں قاتلانہ حملہ ہوا ہے تاہم وہ محفوظ رہے۔
عرب نیوز کے مطابق الحدث ٹی وی نے وزیراعظم پر حملے کی خبر جمعرات کی صبح نشر کی ہے۔
 نیٹ ورک پر شائع ہونے والی خبر میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر گولی چلائی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے وزیراعظم کے ایک قریبی شخص کے حوالے سے کہا کہ حملے کی کوشش کا معاملہ پراسکیوٹر جنرل کو تحقیقات کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس واقعے کی تصدیق ہونے کے بعد لیبیا پر کنٹرول حاصل کرنے کی غرض سے پیدا ہونے والا بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ جمعرات کو پارلیمان میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ بھی متوقع ہے۔
گزشتہ سال مارچ میں عبدالحمید الدبیبہ کو اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ قومی اتحاد کی حکومت کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا جس کا مقصد دسمبر میں انتخابات تک انتظامی امور سنبھالنا تھا۔
تاہم انتخابی عمل کی ناکامی کے بعد سے حلیف جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔
پارلیمان نے ابھی تک اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ قومی اتحاد کی حکومت کو تسلیم نہیں کیا تھا۔ جبکہ اقوام متحدہ کے مشیر برائے لیبیا اور مغربی ممالک نے کہا ہے کہ وہ قومی اتحاد کی حکومت کو تسلیم کرتے ہیں اور انتخابات کروانے پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب رواں ہفتے پارلیمان نے کہا تھا کہ اس سال انتخابات نہیں منعقد ہوں گے۔

شیئر: