Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پروپوز نا یار، تمہیں کس چیز نے روک رکھا ہے:‘ ماہرہ خان

ماہرہ خان کی ویب سیریز پانچ مارچ کو ریلیز کی جائے گی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ایک انڈین فین کو شادی کے لیے پروپوز کرنے کی اجازت مانگنے پر ہاں میں جواب تو دیا لیکن ساتھ ہی پروپوزل کے نتیجے سے بھی آگاہ کردیا۔
ماہرہ خان کی جانب سے اپنی ویب سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ کے حوالے سے کی گئی سرگرمی کے دوران اپنے فینز کے ساتھ سوال و جواب کی نشست رکھی گئی تھی، جس میں پاکستانی اور غیرملکی ٹویپس نے ان سے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق متعدد سوالات کیے۔
ٹوئٹر پر سوال و جواب کی اس نشست کے دوران ایک انڈین صارف نے انہیں ’ماہرہ جی‘ کہہ کر مخاطب کیا تو پوچھا کہ کیا وہ انہیں پروپوز کر سکتے ہیں؟
جواب میں ویب سیریز کی پروڈیوسر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’پروپوز نا یار۔ تمہیں کیا روکے ہوئے ہے؟‘

ماہرہ خان نے ریپلائی میں یہ وضاحت بھی کر دی کہ ’جان رکھیں کئی برسوں سے (اس معاملے میں) میرا جواب واضح ہے۔‘
انڈین ٹویپ کی جانب سے پروپوز کرنے کی اجازت پر ماہرہ خان کے جواب نے دیگر افراد کو گفتگو کا موقع دیا تو سرمد قاضی نے موقف اپنایا ’بہت ہی خوب انسان ہے جو پروپوز کرنے کی بھی عرضی ڈال رہا ہے۔‘

عادل نے ریاضی میں ماہرہ خان کا امتحان لینا چاہا تو ان کے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر میں تمہیں وہ عدد بتا بھی دوں تو آپ میرا موبائل نمبر نہیں ڈھونڈ سکیں گے۔

دیگر سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے اداکار جونی ڈیپ، ٹام کروز اور لیونارڈو ڈی کیپریو میں سے کسی کے ساتھ شادی کا موقع ملنے پر ے لیونارڈو کا انتخاب کیا تو ایک اور سوال جواب میں دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو انڈسٹری میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
ماہرہ خان کی ویب سیریز ’بارہواں کھلاڑی‘ کا ذکر کرنے والوں نے ٹریلر میں سے مختلف مناظر نکال کر شیئر کیے اور ان پر تعریفی تبصرے کیے تو اداکارہ نے جواب میں ٹیوپس کا شکریہ ادا کیا۔

 

ویب سیریز بارہواں کھلاڑی کیا ہے؟

ماہرہ خان کی ویب سیریز کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی نصف ملین سے زائد ویوز حاصل کر چکا ہے۔
ویب سیریز کی کہانی ایک عام سے نوجوان اکبر کے گرد گھومتی ہے جو کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتا اور قومی سطح پر کھیلنے کا خواب دیکھتا ہے۔ اس کا شوق اکبر کو ملک کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ، لاہور کرکٹ لیگ تک پہنچا دیتا ہے۔ اس سفر کے دوران وہ ناانصافی، گندی سیاست اور شعبے میں موجود جانبداری کا شکار رہتا ہے۔
بارہویں کھلاڑی کے پس منظر اور ایک مالدار کھلاڑی کی موجودگی میں ہونے والی کشمکش کا احاطہ کرتی ویب سیریز میں معروف اداکار فواد خان اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک بھی پرفارم کر رہے ہیں۔
دانیال ظفر، شاہ ویر جعفری، کنزی ہاشمی، سرمد کھوسٹ، صبا فیصل، حنا اشفاق، محسن گیلانی، شفقت چیمہ، میرا سیٹھی، عثمان پیرزادہ سمیت متعدد فنکار اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
ماہرہ خان اور نینا کاشف کی پروڈیوسرشپ میں پیش کردہ سیریز کے مصنف شاہد ڈوگر اور ڈائریکٹر عدنان سرور ہیں۔
ویب سیریز کے ٹریلر کو پسند کرنے والوں نے جہاں کہانی پر تبصرہ کیا وہیں اس کے کرداروں کے متعلق بھی پسندیدگی بھرے جذبات کا اظہار کیا۔

یوٹیوب پر اپنے تبصروں میں مختلف صارفین نے فواد خان کو ’نیکسٹ لیول‘ قرار دیا تو شاہ ویر جعفری اور دانیال کی پرفارمنس کو بھی سراہا۔

شیئر: