Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے صنعا میں حوثیوں کا کمیونیکیشن سینٹر تباہ کر دیا

صنعا میں تباہ کیے جانے والے سینٹر کو ڈرون حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
یمن کی قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے صنعا میں حوثیوں کے کمیونیکیشن سنٹر کو تباہ کر دیا ہے، جہاں سے ڈرونز کو کنٹرول کیا جا رہا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق اتحاد کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس کی سیریز میں کہا گیا ہے کہ کمیونیکیشن سینٹر یمن کے دارالحکومت میں وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی کی وزارت میں قائم کیا گیا تھا۔
ٹویٹ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’حوثی ریاست کے اداروں اور وزارتوں کو حملوں کے لیے استعمال کر رہے ہیں، اسی سائٹ سے سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فروری میں حملہ کیا گیا۔
یہ ایئرپورٹ یمن کے بارڈر کے قریب مملکت کے جنوب مشرقی علاقے میں واقعے ہے، اس حملے میں 12 عام شہری زخمی ہوئے تھے۔
کمیونی کیشن سینٹر پر حملے سے قبل اتحاد کی جانب سے عام شہریوں کو مطلع کیا گیا کہ وہ علاقے کو خالی کر دیں۔
 تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے حوثی آبادی والے علاقوں اور شہریوں کے پیچھے چھپ کر اتحاد کے جوابی حملوں سے بچ رہے  ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بارڈر کے دونوں طرف ہونے والے حملوں کا بین الاقوامی قوانین کے مطابق سخت جواب دینے کی ضرورت ہے۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے جنوری میں متحدہ عرب امارات میں بھی شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔
یو اے ای کے تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکار جن کو ’جائنٹس بریگیڈز‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، نے حوثیوں کو یمن کے کئی شہروں باہر دھیکلنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ 2014 میں وسیع علاقے پر قبضے کرنے والے حصوثیوں کو بھاری نقصان بھی پہنچایا۔
عرب اتحاد 2015 میں اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ وزیراعظم عابد ربو منصور ہادی کی حکومت کی بحالی کے لی تشکیل دیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کی جانب سے متحارب گروپوں میں مذاکرات کی کوششیں ابھی تک اس لیے کامیاب نہیں ہوئیں کیونکہ حوثی اس ضمن میں تعاون نہیں کر رہے۔

شیئر: