Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کینیڈا میں ویکسین مخالف احتجاج، ’ایمرجنسی ایکٹ‘ کا نفاذ

کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ ہم غیرقانونی اور خطرناک سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کو ختم کرنے کے لیے ایمرجنسی اختیارات کا ایکٹ نافذ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو کینیڈین وزیر اعظم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’اس مرحلے میں فوج تعینات نہیں ہوگی تاہم حکام کو مظاہرین کو گرفتار کرنے اور ٹرکوں کو قبضے میں لینے کے لیے مزید اختیارات دیے جائیں گے۔‘
کینیڈا میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف کئی دنوں سے ٹرک ڈرائیوروں کا احتجاج جاری ہے۔ یہ ٹرک ڈرائیورز کینیڈا اور امریکہ کے درمیان اہم تجارتی راہداریوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
کینیڈا کی تاریخ میں غیرمعمولی حالات میں ایمرجنسی اختیارات کا استعمال دوسری مرتبہ کیا جا رہا ہے۔ 
کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ ’ہم غیرقانونی اور خطرناک سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘
ایمرجنسی اختیارات کا استعمال محدود وقت کے لیے مخصوص علاقے میں کیا جائے گا۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ احتجاج سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور یہ امن عامہ کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اختیارات کا استعمال شہریوں کی حفاظت، لوگوں کی ملازمتوں کے تحفظ اور اداروں پر اعتماد کی بحالی کے لیے کیا گیا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج کی فنڈنگ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

شیئر: