Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ریپ میں اضافے کی وجہ حجاب کا عدم استعمال ہے: انڈین رکن اسمبلی

کانگریس نے ان کے بیان کو متنازع قرار دیا ہے۔ (تصویر: اے ایف پی)
انڈین ریاست کرناٹک میں انڈین نیشنل کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ انڈیا میں جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ حجاب کا استعمال نہ کرنا ہے۔
انڈیا کی ایک نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کانگریس کے رکن اسمبلی ضمیر احمد کا کہنا تھا کہ ’ریپ کا تناسب سب سے زیادہ ہے انڈیا میں ہے، جس کی وجہ پردہ نہ ہونا ہے۔‘
تاہم ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حجاب پہننا ضروری نہیں، صرف وہ لوگ جو اپنی حفاظت کرنا چاہتے ہیں اور اپنی خوبصورتی دوسروں کو نہیں دکھانا چاہتے وہ حجاب پہنتے ہیں۔‘
ضمیر احمد کی جانب سے یہ متنازع بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈین ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
حجاب پر عائد پابندی کو کرناٹک کی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جہاں یہ معاملہ ابھی زیر سماعت ہے۔
ضمیر احمد کی اپنی پارٹی کانگریس نے ان کے بیان کو ’متنازع‘ قرار دیا ہے۔
انڈین اخبار ’دا ہندو‘ کے مطابق کرناٹک میں کانگریس کمیٹی کے صدر شوکمار کا کہنا تھا کہ ’کانگریس ضمیر احمد کے بیان سے اتفاق نہیں کرتی اور انہیں اپنا بیان واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔‘
شوکمار کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس کے رہنماؤں کو حجاب کے حوالے سے بیانات دینے سے روکا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ضمیر احمد نے اس موضوع پر گفتگو کی۔

شیئر: