Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور امارات پر حوثی حملے ’دہشتگردی‘ ہیں: وزیراعظم کوسووو

البن کورتی نے سعوی عرب کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
کوسووو کے وزیراعظم البن کورتی نے حوثیوں کی جانب سے سعودی شہریوں کو نشانہ بنانے اور حال ہی میں متحدہ عرب امارات پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کوسووو کے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ حوثی ایک دہشتگرد گروپ ہے۔
ان کا کہنا  تھا کہ ’یہ تصاویر اور حملے انتہائی حیران کن ہیں۔ شہریوں کے خلاف تشدد جس میں انسانوں کے حقوق اور وقار سمیت معاشرے اور کمیونٹی کا کوئی لحاظ نہیں کیا گیا۔ ہم یہ کبھی بھی برداشت نہیں کرسکتے اور ہمارا کام ہے کہ (ان کی) ہمیشہ مذمت کریں۔‘
ان سے سوال کیا گیا کہ شہریوں پر حملوں کے باعث ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کو دہشتگرد گروپ قرار دینے پر کیا وہ اتفاق کرتے ہیں، اس کے جواب میں وزیراعظم البن کورتی نے کہا کہ ’جی ہاں، میرے خیال میں شہریوں پر یہ تمام حملے دہشگردی کی کارروائیاں ہیں۔
کوسووو کے 14 ویں جشن آزادی کے موقع پر دارالحکومت پرسٹینا میں اپنے دفتر میں عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں البن کورتی نے کوسووو کے سعودی عرب کے ساتھ انسداد دہشتگردی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی جاری رکھنا چاہیں گے۔
’ہم (تعاون) جاری رکھنا چاہیں گے کیونکہ جب ہم شدت پسندی اور دہشت گردی جیسے دیگر پرتشدد  بنیاد پرستی کا مقابلہ کرتے ہیں تو ہم ایک ہی صفحے پر ہوتے ہیں۔‘
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت ہونے والی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے البن کورتی کا کہنا تھا کہ مملکت کے ساتھ کوسوو کے تعلقات کو مضبوط کرنا ان کا مقصد ہے۔
’میرا خیال ہے کہ کوسوو کے لوگ، بلکہ بالکانز اور یورپ میں بھی لوگوں کو سعودی عرب میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا علم ہونا چاہیے۔‘

البن کورتی کے مطابق پورپ میں سعودی عرب کے ترقیاتی کاموں کا پتہ چلنا چاہیے۔ فوٹو: اے ایف پی

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعاون کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ یہ ثقافت اور تاریخ کے علاوہ قدرتی ذخائر اور اقتصادی ترقی کے اعتبار سے بھی امیر ملک ہے۔‘
البن کورتی نے مملکت کو کوسووو میں مزید سرمایہ کاری اور دارالحکومت پرسٹینا میں بد عنوانی کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
’ہم بدعنوانی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہم اپنی معیشت کو بھی وسیع کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ برس کوسووو کی برآمدات سال 2020 کے مقابلے میں دو تہائی زیادہ تھیں جبکہ بجٹ کی آمدنی میں بھی ایک تہائی اضافہ ہوا۔
’اسی طرح کاروباری آمدنی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 50 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کوسوو ترقی کر رہا ہے۔ مزید آگے بڑھنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ جن شعبوں میں ترقی ہو رہی ہے ان میں سرمایہ کاری کی جائے۔‘

شیئر: