Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بل گیٹس کی پاکستان آمد، اعلیٰ سول اعزاز ہلالِ پاکستان سے نوازا گیا

بل گیٹس این سی او سی کا بھی دورہ کریں گے۔ فوٹو پی ایم آفس
بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک بانی بل گیٹس نے قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں شرکت کی۔
بل گیٹس کا ان کے پہلے دورہ پاکستان پر استقبال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا پولیو کے خاتمے میں حکومت پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دو سرحدی صوبوں میں پولیو کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ افغانستان ہے، جسے اس وقت صحت کی ہنگامی صورتحال سمیت انسانی بحران سے بچنے کے لیے فوری بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔
بل گیٹس نے انہیں مدعو کرنے اور مہمان نوازی پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قیادت، ہیلتھ ورکرز اور والدین کی بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے انتھک محنت کی کوششوں کو سراہا۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا پابندیوں کے باوجود پاکستان نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
بعد ازاں ایوانِ صدر میں ایک تقریب میں بل گیٹس کو پاکستان کے دوسرے بڑے سول اعزاز ہلالِ پاکستان سے بھی نوازا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جس میں وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔
بل گیٹس نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔
جمعرات کو این سی او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بل گیٹس اور ان کے وفد کو این سی او سی کے کردار اور طریقہ کار، وبائی مرض کے آغاز سے اب تک کی کامیابیوں، پاکستان بھر میں کورونا کی صورتحال اور ادارے کی جانب سے بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے اور عوامی تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بل گیٹس نے این سی او سی کے مختلف اقدامات بالخصوص سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے نفاذ پر گہری دلچسپی لی اور ویکسینیشن کی مہم پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنی ٹویٹ میں بل گیٹس کی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹویٹ میں کہا کہ بل گیٹس پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا جائزہ لینے کے علاوہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) اور احساس پروگرام کا بھی دورہ کریں گا۔
اس کے علاوہ بل گیٹس صدر عارف علوی اور صوبوں کے محکمہ صحت کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے اعزاز ظہرانہ دیا (فوٹو: وزیراعظم آفس)

کھرب پتی بل گیٹس دنیا بھر میں جاری پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں مدد کرنے والے نمایاں ترین افراد میں سے ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2020 میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کے لیے 20 لاکھ ڈالر سے زائد رقم کی گرانٹ کا اعلان کیا تھا جسے 24 ماہ کی مدت میں پاکستان کے کورونا وائرس ویکینیشن پروگرام پر خرچ کیا جانا ہے۔

شیئر: