Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے پانچ کھلاڑی جو کھیل کے بجائے رویے کی وجہ سے زیربحث ہیں

ٹیموں کی کارکردگی کے ساتھ کپتانوں کا رویہ بھی توجہ کا مرکز رہا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون اپنے اختتام کی جانب سے گامزن ہے، ایسے میں جہاں ہر کرکٹ ٹورنامنٹ کی طرح اس میں بننے اور ٹوٹنے والے ریکارڈز اور کھیل خصوصی توجہ کا مرکز ہے وہیں کچھ کھلاڑی بالخصوص کپتان ایسے ہیں جن کے رویے شائقین کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔
اپنے رویوں کی وجہ سے زیربحث کھلاڑیوں میں پانچ ایسے ہیں جو پاکستان سپر لیگ سیزن سیون میں شریک چھ ٹیموں میں سے پانچ مختلف فرنچائزز کے کپتان ہیں۔
ٹورنامنٹ میں اب تک کے سبھی میچ ہارنے والی کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم بھی رویے کی وجہ سے زیربحث کھلاڑیوں کی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ کراچی میں شروع ہوا تو بہت سے شائقین کو توقع تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان کی قیادت میں گزشتہ سے پیوستہ پی ایس ایل کی چیمپئن بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
افتتاحی میچ میں کراچی کنگز کو دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز سے شکست ہوئی تو شائقین کرکٹ نے توقع کی کہ شاید اگلے میچ میں کامیابی راضی ہو جائے۔ کراچی میں 15 میچوں کا پہلا مرحلہ ختم ہو کر ٹورنامنٹ لاہور پہنچ گیا لیکن کامیابی کنگز کو چھو کر تو گزری مگر ان کے حصے میں اب تک نہیں آسکی۔
ٹیم کے ساتھ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ سمیت متعدد سوالات کرکٹ کے شائقین اور ناقدین نے زیربحث لائے تو ان ناکامیوں پر کپتان بابراعظم کی جھنجھلاہٹ بھی نظرانداز نہ ہو سکی۔

بابراعظم کی ٹیم کی خراب کارکردگی کے باوجود بیٹنگ میں اچھی فارم کا مظاہرہ جاری رکھنے کو جہاں کرکٹ فینز نے سراہا وہیں کنگز سے متعلق ممکنہ جھنجھلاہٹ پر خود بھی غصہ کا اظہار کرتے رہے۔

عام زندگی میں نرم مزاج دکھائی دینے والے بابراعظم نے گراؤنڈ میں غصہ دکھایا تو کچھ صارفین کو ان کا یہ انداز بھی اچھا لگا۔
پی ایس ایل سیون میں سات میچ کھیلنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا ذکر کرنے والے گراؤنڈ میں اپنی بہتر بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ ساتھ ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ روا رکھے گئے انداز پر گفتگو کرتے رہے۔
ٹویپس نے شاداب خان کے غصے کو ان کی شخصیت کے لیے نامناسب قرار دیا۔

اب تک کے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے آٹھ میچوں میں سے صرف تین میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد بھی اب تک عجیب مشکل کا شکار رہے ہیں۔
میچوں کے دوران ٹیم کی پرفارمنس پر جھنجھلائے ہوئے دکھائی دینے والے سرفراز احمد نے وکٹوں کے عقب میں رہتے ہوئے اپنے بولرز یا فیلڈرز کو ڈانٹ ڈپٹ کی تو یہ مناظر شائقین سے چھپے نہ رہ سکے۔

ان کی ٹیم میں موجود سینئر کرکٹر شاہد خان آفریدی اگرچہ اب ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو چکے ہیں تاہم کپتان کے غصہ سے متعلق ان کا ایک بیان اب بھی ٹائم لائنز پر موجود ہے، جس میں انہوں نے سرفراز احمد کو اپنا پسندیدہ کپتان قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر وہ میدان میں غصہ ہوئے تو میں گراؤنڈ کے باہر ردعمل دوں گا۔‘
سرفراز احمد کی موجودگی میں دیے گئے اس بیان پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو قہقہہ لگا کر ہنستے دیکھا گیا تھا۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے میچ کے دوران کپتان کے غصے کی وجوہات کا ذکر بھی کیا تھا کہ یہ نوبت کیوں آتی ہے۔
پی ایس ایل سیون میں اب تک کی سب سے کامیاب ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان پہلی مرتبہ لیگ میں کسی فرنچائز کی قیادت کر رہے ہیں۔
ان کی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے آٹھ میچوں میں سے سات جیتے تو پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہے۔ اس دوران محمد رضوان نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا تسلسل بھی برقرار رکھا ہے۔
کرکٹ فینز نے سلطانز کے کپتان کی کارکردگی کو سراہنے کے ساتھ ساتھ میدان میں ان کی مسکراتی شخصیت کو بھی خوب پسند کیا ہے۔
پہلی مرتبہ پی ایس ایل فرنچائز کی کپتانی کے معاملے میں محمد رضوان جیسی صورتحال کا شکار شاہین شاہ آفریدی کی تیز گیندیں اور ان پر گرتی وکٹوں جتنی دلچسپی ٹویپنس ان کے انداز میں بھی لیتے دکھائی دیے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی گراؤنڈ میں ساتھی کرکٹر کی کسی غلطی پر ان تک پہنچ کر دلاسہ دیتے نظر آئے یا پھر کسی معاملے پر دوسروں کو آنکھیں دکھائیں، دونوں مواقع پر کیمرے کے ساتھ ساتھ کرکٹ فینز بھی ان کے انداز کا تعاقب کرتے دکھائی دیے۔

شیئر: