Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہمدردی اور پشاور زلمی کے نوجوان کھلاڑی کی تعریف کیوں؟

محمد حارث نے جارحانہ بیٹنگ سے خوب داد سمیٹی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی آمنے سامنے آئیں تو دیکھنے والے جہاں دو مرتبہ کی چیمپئن سے ہمدری کرتے دکھائی دیے وہیں پشاور زلمی کے نوجوان کھلاڑی محمد حارث کی خوب تعریفیں بھی کی گئیں۔
پشاور زلمی کے نوجوان کرکٹر محمد حارث نے پی ایس ایل سیون کی تیز ترین ففٹی بنائی اور سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس اننگز کے بعد پاکستانی ٹائم لائنز پر محمد حارث کی تصاویر اور ان کی بیٹنگ کی تفصیل سمیت نوجوان کھلاڑی کے روشن مستقبل کے تذکرے نمایاں رہے۔

محمد حارث کے شاٹس کے انتخاب کا ذکر کرنے والے صارفین کا کہنا تھا کہ اس سے قبل شاٹ بولز پر کسی پاکستانی بلے باز کو چھکے لگاتے نہیں دیکھا تھا۔

وکٹ پر سیٹ ہونے کا انتظار کیے بغیر نوجوان بلے باز کی جارحانی بیٹنگ کا ذکر شروع ہوا تو صارفین ان کی اننگز کی ایک ایک گیند کی تفصیل نکال کر سامنے لے آئے۔

پشاور زلمی کے بیٹسمینوں نے اسلام آباد یونائیٹد کی بولنگ کی دل کھول کر پٹائی تو صارفین نے جہاں دو مرتبہ کی پی ایس ایل چیمپئن ٹیم سے ہمدردی کا اظہار کیا وہیں کپتان شاداب خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی انجری یا عدم دستیابی کی وجہ سے میچ میں شکست کو بھی یقینی جانا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز کی جانب سے جارحانہ بیٹنگ اور ابتدائی اوورز میں ہی نصف سنچری مکمل کرنے نے زلمی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
رنز بننے کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھا تھا لیکن رحمان اللہ گرباز کے آؤٹ ہونے سے ایک لمحے کو محسوس ہوا کہ صورتحال پھر پشاور زلمی کے حق میں بدلنے کو ہے۔ اس موقع پر گراؤنڈ میں آنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے فینز کو ایک مرتبہ پھر جیت کی امید دلا دی۔
اعظم خان نے 45 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں درجن بھر سے زائد چھکے اور چوکے شامل رہے۔

میچ کا رنگ بدلا تو ٹویپس نے ’سکوئڈ گیمز‘ سیریز کی ایک میم شیئر کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاور پلے کے دوران ڈاٹ بال کرنے کو مشکل ہدف کے طور پر پیش کیا۔

آج کے میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹد نے پی ایس ایل سیون میں سات میچ کھیل کر چار میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے، جب کہ پشاور زلمی نے آٹھ میچوں میں چار میں کامیابی حاصل کی اور چار میں اسے شکست ہوئی ہے۔ زلمی پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔

شیئر: