Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمیں آپ کی یاد آئے گی‘، عامر خان باکسنگ سے ریٹائر ہو رہے ہیں؟

عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنا وقت بچوں اور خاندان کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔ (تصویر: روئٹرز)
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے کی رات باکسنگ میچ ہارنے کے بعد باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔
واضح رہے ہفتے کی رات مانچسٹر میں عامر خان چھٹے راؤنڈ میں کیل بروک کے خلاف باکسنگ میچ ہار گئے تھے۔
میچ ہارنے کے بعد ان سے ایک رپورٹر نے پوچھا کہ کیا وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے ہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے 35 سالہ باکسر کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں سوچ رہے ہیں۔
’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ میں نہیں چاہتا کہ باکسنگ مجھے ریٹائر کرے، بلکہ میں باکسنگ سے ریٹائر ہوں۔‘
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے میں نے اپنی امید سے زیادہ (کامیابی) حاصل کرلی ہے۔ میں 17 سال کی عمر میں اولمپکس میں تھا، 22 سال کی عمر میں ٹائٹل جیت چکا تھا۔ میں بہت لمبے عرصے سے کھیل میں ہوں، بوڑھا ہوگیا ہوں۔‘
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے بچے اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔‘
عامر خان کی ہار پر ان کے پرستار دکھی نظر آرہے ہیں اور سوشل میڈیا پر گذشتہ رات کے میچ کے حوالے سے تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وہ عامر خان کی جیت دیکھنے کے خواہشند تھے۔‘

ڈاکٹر حنا نامی نامی صارف نے کیل بروک کے خلاف عامر خان کی ہار کو 35 سالہ باکسر کے کیریئر کا اختتام قرار دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمیں آپ کی یاد آئے گی۔‘

لیکن ان کی ہار کے باوجود ان کے پرستار ان سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ طارق جاوید یوسفزئی نے انہیں ’باکسنگ رنگ کا بادشاہ‘ قرار دیا۔
عامر خان نے اپنے باکسنگ کیریئر کا آغاز 11 سال کی عمر میں کیا تھا اور سکول میں بھی کئی ٹائٹل جیتے تھے۔ انہوں نے 2003 میں پہلی مرتبہ جونیئر اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
سنہ 2009 میں صرف 22 سال کی عمر میں انہوں نے ورلڈ ’لائٹ ویلٹرویٹ ٹائٹل‘ جیتا تھا اور 2011 میں وہ ’یونیفائڈ چیمپئین‘ بنے تھے۔

شیئر: