Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا آپ مر چکے ہیں‘، تیزی سے مقبول ہوتی چینی ایپ میں کیا ہے؟

چین کی نئی موبائل ایپ ’آر یو ڈیڈ‘ انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور خاص طور پر اکیلے رہنے والے نوجوانوں کی جانب سے اس کی ڈاؤن لوڈنگ میں بہت اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
 یہ ایپ سیفٹی کیمپین کے طور پر ڈیزائن کی گئی ہے جو ملازمت یا تعلیم کی غرض سے گھروں سے دور رہنے والے افراد کے لیے مددگار ہے۔
اس میں صارفین کو ہر دو دن بعد ایک  بٹن پر کلک کر کے یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔ اگر مقررہ وقت پر چیک اِن نہ کیا جائے تو ایپ خود بخود ان کے ایمرجنسی کانٹیکٹس کو اطلاع بھیج دیتی ہے کہ متعلقہ شخص مشکل میں ہو سکتا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا گلوبل ٹائمز کے مطابق تحقیقی اداروں کا اندازہ ہے کہ سنہ 2030 تک چین میں اکیلے رہنے والے لوگوں کی تعداد 20 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے اور ایپ کا مقصد بھی ایسے ہی لوگوں کو راغب کرنا ہے۔
 صارفین نے سوشل میڈیا پر اس ایپ کی اہمیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکیلے رہنے والوں کو ایسے ہی کسی سورس کی ضرورت ہے اور اس کی وجہ سے ان کو تحفظ کا احساس ہوا ہے۔
ایک چینی صارف نے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس ایپ کے حوالے سے لکھا کہ  ’یہ ایک اچھی چیز ہے اور اس کی ضرورت ان لوگوں کو ہے جو خود کو اکیلا محسوس کرتے ہیں جیسے انٹروورٹس، ڈپریشن کا شکار افراد، بے روزگار اور دوسرے لوگ، جن کو مشکل حالات درپیش ہوں۔‘ 
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اکیلے رہنے والوں کو یہ خوف درپیش رہتا ہے کہ وہ اسی حالت میں مر بھی سکتے ہیں اور مدد کے لیے کوئی نہیں ہوگا۔ میں کبھی کبھی سوچتا ہوں اگر میں اکیلا مر گیا، تو میری لاش کون اٹھائے گا۔‘
عالمی سطح پر یہ ایپ Demumu کے نام سے دستیاب ہے اور امریکا، سنگاپور اور ہانگ کانگ میں زیراستعمال یوٹیلٹی ایپس میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آسٹریلیا اور اسپین میں ٹاپ چار ایپس میں شامل ہو چکی ہے۔
شروع یہ ایپ مفت دستیاب تھی تاہم اب اس کا پیڈ ورژن دستیاب ہے جس کی قیمت آٹھ یوآن یعنی پاکستانی کرنسی میں تقریباً 320 روپے بنتی ہے۔
 

شیئر: