سوئٹزرلینڈ میں سعودی سیاحوں کے لیے کورونا کی پابندیاں ختم
سوئٹزرلینڈ میں سعودی سیاحوں کے لیے کورونا کی پابندیاں ختم
پیر 21 فروری 2022 13:10
سیاح اب دنیا کے پسندیدہ سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ فوٹو روئٹرز
سوئٹزرلینڈ جانے والے مسافروں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ وہاں کی حکومت نے عالمی وبائی مرض کورونا پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے بیشتر اقدامات منسوخ کرتے ہوئے لگائی گئی پابندیاں ختم کر دی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب سے سوئٹزرلینڈ جانے والے سیاحوں کو اب کسی قسم کے ویکسین سرٹیفکیٹ، داخلہ فارم یا پی سی آر کی منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانے کی ضرورت نہیں اس کے علاوہ صحت کے حوالے سے اسی طرح کی سہولیات جی سی سی کے زیادہ تر ممالک کو فراہم کی گئی ہیں۔
سوئس حکومت کے اس اعلان کے بعد سعودی سیاح دنیا کے پسندیدہ سیاحتی مقامات پرخوبصورت قدرتی مناظر، مزیدارمقامی کھانوں اور لطف اندوز ثقافتی تجربات کے لیے سوئٹزرلینڈ کی طرف سے مہمانوں کو پیش کی جانے والی لامتناہی پرکشش پیشکشوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
کورونا وبا کے باعث عام دکانوں، ریستوران، ثقافتی اور دیگر عوامی مقامات پر لاگو کئے گئے ضوابط میں نرمی کر دی گئی ہے۔
اسی طرح تمام مقامات اور تقریبات میں داخل کے وقت ماسک لگانے اور کورونا اپلیکیشن سے سرٹیفکیٹ دکھانے کی بھی اب ضرورت نہیں ہے۔
ان اقدامات کے بعد اب سوئٹزرلینڈ میں معمول کی زندگی کی واپسی کا اشارہ ملتا ہے کیونکہ یہاں پر کورونا کے مریضوں کی تعداد انتہائی کم ہو گئی ہےاور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے لیے اب اسے کوئی خطرہ نہیں سمجھا جا رہا۔
سوئٹزر لینڈ کے رہائشیوں اور سیاحوں کی صحت کے تحفظ کے پیش نظر اس بات کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے کہ کسی شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں اسے ایک مقررہ عرصہ تک دوسروں لوگوں سے الگ تھلگ رہنا چاہیے۔
مزید برآں اس بات کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی ہے کہ مارچ کے آخر تک عام افراد کو احتیاطی طور پر پبلک ٹرانسپورٹ اور صحت مراکز یا اس سے متعلقہ مقامات پر موجود ہونے کی صورت میں ماسک پہننا چاہیے۔