Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ کے نام سے اپنی سوشل میڈیا ایپ متعارف کر دی

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل کو ٹوئٹر اور فیس بک کا متبادل ٹھہرایا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ کے نام سے ایک اپنی نئی سوشل میڈیا ایپ متعارف کروائی ہے جو مارچ کے آخر تک مکمل طور آپریشنل ہوگی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ یعنی سچائی نامی اپنی ایپ کو فیس بک، ٹوئٹر اور یو ٹیوب کا متبادل قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ 6 جنوری 2021 کو ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل پر حملے کے بعد ان سماجی رابطوں کی ویب سائٹس نے سابق صدر کا اکاؤنٹ معطل کر دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسایا تھا۔ 
ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کے سربراہ ڈیون نیونیس نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ایپل کے ایپ سٹور پر یہ ایپ مہیا ہوگی اور مارچ کے آخر تک کم از کم امریکہ میں مکمل طور پر آپریشنل ہوگی۔
ایپل نے اپنے ایپ سٹور پر اتوار کو ہی ٹروتھ سوشل ایپ متعارف کروا دی تھی جہاں سے صارفین آرڈر کر سکتے ہیں۔
ڈیون نیونیس نے کہا کہ جن افراد کی آواز دبائی گئی انہیں اس پلیٹ فارم پر دیکھنا ایک جذباتی لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ صارفین انہیں اپنی خواہش کے بارے میں آگاہ کریں جو وہ اس سوشل میڈیا ایپ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی رکن کانگریس ایلیس سٹیفانک نے ٹویٹ کیا کہ ’ٹروتھ آ رہی ہے۔‘
سابق صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے بھی ٹویٹ کیا کہ ’ٹروتھ کے لیے کچھ وقت۔‘
ساتھ ہی انہوں نے اپنے والد کی ٹروتھ سوشل پر کی گئی پہلی پوسٹ بھی شیئر کی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ ’ تیار رہیں، آپ کے پسندیدہ صدر جلد آپ کو دیکھیں گے۔‘
ٹوئٹر کے ڈونلڈ ٹرمپ پر پابندی عائد کرنے سے قبل سابق صدر کے اس سوشل میڈیا ویب سائٹ پر 89 ملین فالوورز تھے۔

شیئر: