Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسوڑوں سے خون آنے کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں؟

مسوڑوں سے مسلسل خون آنے کی ایک وجہ لوکیمیا بھی ہو سکتی ہے۔ فوٹو: انسپلیش
مسوڑوں سے خون آنے کی شکایت بچوں اور بڑوں میں عام پائی جاتی ہے جس کی وجہ جنجیوائٹس یا مسوڑوں کی سوزش بھی ہوسکتی ہے۔
این ڈی ٹی وی انڈیا کے مطابق مسوڑوں سے خون آنے کی ایک وجہ سخت ٹوتھ برش کا استعمال یا کوئی سخت چیز کھانا بھی ہوسکتا ہے۔
تاہم ضروری نہیں کہ مسوڑوں کی کسی بیماری کی وجہ سے ہی ان سے خون نکل رہا ہو لیکن اگر یہ صورت حال مسلسل رہے تو پھر اس کا علاج کروانا ضروری ہے۔
اگر برش تبدیل کرنے یا صحت سے جڑے دیگر اقدامات کرنے سے بھی مسوڑوں سے خون نکلنا نہیں بند ہو رہا تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ مسوڑوں سے خون نکلنا لوکیمیا یا بلڈ کینسر کی بھی علامت ہوسکتا ہے۔
کرونک لوکیمیا کی ابتدائی علامتیں اس قدر معمولی ہوسکتی ہیں کہ شاید نظرانداز ہو جائیں، لیکن جو افراد بلڈ کینسر کی ’ایکیوٹ مائیلائڈ لوکیمیا‘ نامی قسم میں مبتلا ہیں ان کے مسوڑوں میں سوجن پیدا ہوجاتی ہے اور برش کرنے سے بھی خون نکلتا ہے۔
ایکیوٹ مائیلائڈ لوکیمیا اتنی تیزی سے بڑھتا ہے کہ اس کا شکار افراد میں غیر معمولی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔، لیکن بلڈ کینسر کی ان دونوں اقسام میں مسوڑوں سے خون آنا اس بیماری کا شکار ہونے کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔
بلڈ کینسر کی علامات میں مسوڑوں کی سوزش کے علاوہ زبان اور گال کے اندرونی حصوں پر زخم یا دانت کے سائز میں ممکنہ تبدیلی بھی شامل ہے۔
بچوں میں مسوڑوں سے خون آنا یا سوزش کی ایک وجہ خون میں پلیٹلیٹس کی کم بھی ہوسکتی ہے۔ 

مسوڑوں کی بیماریوں سے بچنے کے لیے دانتوں کی صفائی ضروری ہے (فائل فوٹو: انسپلیش)

بچوں میں ایکیوٹ مائیلائڈ لوکیمیا ہونے کی صورت میں اس کی علامات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
بچوں میں مسوڑوں سے خون آنے کی شکایت کو کسی صورت میں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ ٹھیک سے دانتوں کی صفائی نہ کرنے یا باقاعدگی سے برش نہ کرنے سے بھی مسوڑوں کی بیماری پیدا ہوسکتی ہے۔
لوکیمیا کے مریضوں میں مسوڑوں سے خون آنے کے مسئلے میں حد سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر اوقات کینسر زدہ خلیات کو ختم کرنے کے لیے کیمو تھراپی یا ریڈی ایشن تھراپی کی بھی ضروورت ہوتی ہے جس سے انسان کے مدافعتی نظام پر انتہائی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ 
اس دوران مریض کے منہ میں کسی قسم کی انفیکشن ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ اسی لیے بلڈ کینسر کا علاج شروع کرنے سے پہلے مسوڑوں سے جڑی بیماریوں یا دانتوں کے دیگر مسائل حل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

شیئر: