Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آپ کے بچے کا قد نہیں بڑھ رہا یا ہم جماعتوں سے چھوٹا ہے تو کب فکرمند ہونے کی ضرورت ہے؟

ایک ہی تعلیمی سال میں ایک ہی جماعت میں پڑھنے والے بچوں کی عمروں میں نو سے بارہ ماہ تک کا فرق ہو سکتا ہے (فوٹو: گیٹی)
بچے کے قد میں اضافے کا فرق محسوس ہونا، یعنی والدین یا خود بچے کو یہ لگنا کہ اُس کا قد ہم عمر بچوں کے مقابلے میں کم ہے، ایک ایسا معاملہ ہے جس پر بچوں کے ماہر ڈاکٹر سے بات کرنا ضروری ہے۔ تاہم، قد میں یہ فرق لازمی طور پر کسی طبی معائنے یا علاج کا تقاضا نہیں کرتا، بلکہ اس معاملے پر محتاط انداز میں غور کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ای ٹی وی بھارت پر شائع ہونے والے ایک مضمون کے مطابق بچوں کے ماہر ڈاکٹر کو پہلے یہ دیکھنا ہوتا ہے کہ آیا واقعی بچے کے قد میں فرق موجود ہے یا صرف دیکھنے پر ایسا محسوس ہوتا ہے۔ بلوغت شروع ہونے سے پہلے بچوں کا قد نسبتاً مستقل رفتار سے بڑھتا ہے، یعنی ہر سال تقریباً چار سے چھ سینٹی میٹر۔ یہ مستقل رفتار چار سال کی عمر سے نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ بچے کی نشوونما اور جسمانی صحت جانچنے کے لیے قد میں اضافے کی یہ رفتار ایک اہم پیمانہ ہے۔
ایک ہی جماعت کے بچوں کی عمروں میں فرق
انڈین مہاراشٹر کے شہر تھانے میں واقع جوپیٹر ہسپتال کے شعبۂ اطفال کے سربراہ ڈاکٹر سدھیر سانے کہتے ہیں کہ ’ایک ہی تعلیمی سال میں ایک ہی جماعت میں پڑھنے والے بچوں کی عمروں میں نو سے بارہ ماہ تک کا فرق ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں اُن کے قد میں تین سے چار سینٹی میٹر (تقریباً ڈیڑھ انچ) کا فرق بھی ہو سکتا ہے۔ یہ بات بچے اور اُس کے والدین کو آسانی سے سمجھائی جا سکتی ہے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’قد میں اضافے کی یہ مستقل رفتار اِس قدر اہم ہے کہ ہم بچوں کے ماہر ڈاکٹر تقریباً ہر طبی معائنے کے موقع پر خصوصی گروتھ چارٹس کی مدد سے بچے کے قد کی نگرانی کرتے ہیں۔‘
’ہر سال چار سے چھ سینٹی میٹر قد بڑھنے کی اِس معمول کی رفتار میں کسی بھی قسم کی کمی یا تبدیلی جسم میں ہارمونز کی کمی، مثلاً گروتھ ہارمون یا تھائیرائڈ ہارمون کی کمی، کی بہت ابتدائی اور اکثر واحد علامت ہو سکتی ہے۔‘

بلوغت شروع ہونے سے قبل بچوں کا قد نسبتاً مستقل رفتار سے بڑھتا ہے، یعنی ہر سال تقریباً چار سے چھ سینٹی میٹر(فوٹو: ڈریمز ٹائم)

ڈاکٹر سدھیر سانے والدین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ہر سال بچے کی سالگرہ کے موقع پر گھر میں اُس کا قد اور وزن ناپ کر باقاعدگی سے ریکارڈ کریں۔
بچوں میں بلوغت کا مختلف عمروں میں آغاز
ایک اور وجہ جس کی بنا پر کوئی بچہ اپنی جماعت کے دوسرے بچوں کے مقابلے میں چھوٹے قد کا دکھائی دے سکتا ہے، بلوغت شروع ہونے کے وقت میں فرق ہے۔ بلوغت کا آغاز ہوتے ہی بچے کے قد میں اضافے کی رفتار اچانک تیز ہو جاتی ہے۔
ڈاکٹر سدھیر سانے کے مطابق قد میں اضافے کی یہ تیز رفتار بلوغت کے مراحل مکمل ہونے تک جاری رہتی ہے۔ عموماً لڑکیوں میں ماہواری شروع ہونے کے ایک سال بعد اور لڑکوں میں 16 سے 18 سال کی عمر تک یہ عمل مکمل ہو جاتا ہے۔

طبی ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ والدین ہر سال بچے کی سالگرہ کے موقع پر گھر میں اُس کا قد اور وزن ناپ کر باقاعدگی سے ریکارڈ کریں (فوٹو: دی ٹائمز آف انڈیا)

چناں چہ جن بچوں میں بلوغت کا آغاز نسبتاً دیر سے ہوتا ہے، وہ بظاہر اپنے ہم جماعتوں سے کافی چھوٹے دکھائی دے سکتے ہیں، لیکن اُن کے پاس قد میں اضافے کے لیے مزید کئی سال موجود ہوتے ہیں۔
بچوں کا ماہر ڈاکٹر بلوغت کے مرحلے کا جائزہ لے کر یہ اندازہ بھی لگا سکتا ہے کہ بچے کا قد مزید کتنا بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اِس کیفیت کو طبی زبان میں کونسٹی ٹیوشنل ڈیلی اِن گروتھ اینڈ پبرٹی (Constitutional Delay in Growth and Puberty)  کہا جاتا ہے، یعنی جسمانی نشوونما اور بلوغت کے آغاز میں فطری تاخیر۔
کیا ہم نے ایسے بچوں کو نہیں دیکھا جو نویں یا دسویں جماعت تک اپنے ہم جماعتوں کے مقابلے میں چھوٹے قد کے ہوتے ہیں، لیکن اِس کے بعد اچانک اُن کے قد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگتا ہے؟

بچے کا قد جینیاتی عوامل، خاندانی خصوصیات، ہارمونز اور صحت سے متعلق مختلف عوامل کے مجموعی اثرات سے متعین ہوتا ہے (فوٹو: آئی سٹاک)

بچوں کا ماہر ڈاکٹر اس کیفیت کی درست تشخیص کر سکتا ہے، خصوصاً ایسی صورت میں جب گزشتہ چند برسوں کے گروتھ چارٹس دستیاب ہوں۔ ڈاکٹر بچے کی رہنمائی اور اُس کی ذہنی تشویش دور کرنے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ اِس طرح بچے کے چھوٹے قد کے احساس سے پیدا ہونے والے ذہنی دباؤ یا احساسِ کمتری پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔
کم وزن کے ساتھ پیدائش
ڈاکٹر سدھیر سانے کے مطابق پیدائش کے وقت بچے کا وزن بھی اہمیت رکھتا ہے۔ اگر بچہ حمل کی مدت کے لحاظ سے متوقع وزن سے کم ہو تو ایسے بعض بچوں میں بچپن کے دوران قد بڑھنے کی رفتار نسبتاً کم رہ سکتی ہے۔
آپ کا بچہ اگر حمل کی مدت کے لحاظ سے متوقع وزن سے کم کے ساتھ پیدا ہوا تھا، تو ممکن ہے کہ بچپن کے دوران بھی اُس کی نشوونما کی رفتار نسبتاً سست رہے۔ اِس کیفیت کو طبی اصطلاح میں سمال فار گیسٹیشنل ایج (Small for Gestational Age)  کہا جاتا ہے۔ ایسے بچوں کے ایک مخصوص گروہ کے لیے اب خصوصی علاج بھی دستیاب ہے۔
بچے کا قد والدین کے قد سے بھی متاثر ہوتا ہے۔ دراز قد کے والدین کے بچے عموماً لمبے قد کے ہوتے ہیں، جب کہ اِس کے برعکس نسبتاً چھوٹے قد کے والدین کے بچوں کا قد بھی عموماً کم ہوتا ہے۔ بچوں کا ماہر ڈاکٹر والدین کے قد کی بنیاد پر بچے کے متوقع بالغ قد کا حساب لگا سکتا ہے۔ اسے طبی اصطلاح میں مڈ پیرنٹل ہائٹ (Mid-Parental Height) کہا جاتا ہے۔
چھوٹے قد کے حوالے سے یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ قد بڑھانے والے ٹانک اور بھوک بڑھانے والی ادویات مؤثر ثابت نہیں ہوتیں۔ جسمانی ورزش صحت کے لیے اچھی ضرور ہے، لیکن کسی سلاخ سے لٹکنے یا جسم کو کھینچنے والی ورزشیں کرنے سے قد میں اضافہ نہیں ہوتا۔

جسمانی ورزش صحت کے لیے اچھی ضرور ہے، لیکن قد میں اضافے کے لیے موثر نہیں (فوٹو: سٹاک نیپ)

بچے کا قد جینیاتی عوامل، خاندانی خصوصیات، ہارمونز اور صحت سے متعلق مختلف عوامل کے مجموعی اثرات سے متعین ہوتا ہے۔ قد بڑھنے کا عمل چوں کہ عمر کے ساتھ مخصوص مدت تک جاری رہتا ہے اور ایک خاص عمر کے بعد رُک جاتا ہے، اس لیے بچے کے قد کے حوالے سے کسی بھی تشویش پر جلد از جلد بچوں کے ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔
زیادہ تر بچے جو اپنے ہم جماعتوں کے مقابلے میں چھوٹے قد کے ہوتے ہیں، مکمل طور پر صحت مند ہوتے ہیں۔ بچے کی نشوونما کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانے اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ وہ اپنے قدرتی طور پر ممکنہ قد تک پہنچ سکے، بچوں کا ماہر ڈاکٹر والدین کا بہترین معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

شیئر: