Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم روزانہ کتنا پلاسٹک کھا رہے ہیں؟ عامر خاکوانی کا کالم

پاکستان میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کو روکنے کے لیے کئی بار مہم شروع کی گئی ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
کسی بھی اتوار کی صبح لاہور کے کسی بھی محلے میں نکل جائیں، ایک منظر ہر جگہ ملے گا۔ نان چنے کی دکان کے آگے رش لگا ہے، بڑے پتیلے میں چنے کھول رہے ہیں اور دکان کا لڑکا بڑی پھرتی سے کفگیر بھر کر ابلتے ہوئے چنے ایک پتلے سے پلاسٹک کے بیگ میں انڈیلتا ہے، گرہ لگاتا ہے اور گاہک کو تھما دیتا ہے۔
شاپنگ بیگ سے بھاپ اٹھ رہی ہوتی ہے، گاہک اسے موٹر سائیکل کے ہینڈل سے لٹکاتا ہے اور گھر پہنچ کر سب مزے سے ناشتا کرتے ہیں۔ کسی کے ذہن میں یہ خیال تک نہیں آتا کہ چنوں کے ساتھ ہم کیا کچھ اور بھی نگل گئے؟
یہ منظر مجھے پچھلے دنوں ممتاز برطانوی اخبار ٹائمز کا ایک مضمون پڑھتے ہوئے یاد آیا۔ ماہر غذائیت ایلی بریکر نے اس میں بتایا ہے کہ ہماری روزمرہ خوراک میں مائیکرو پلاسٹک کہاں کہاں سے داخل ہو رہا ہے۔
یہ ٹائمز کے ویک اینڈ ایڈیشن کے پورے صفحے کا مضمون ہے جس کا سبب ترکیہ کی رجب طیب اردوان یونیورسٹی کی ایک تازہ تحقیق بنی، جس کے مطابق ایک معمولی سا ٹی بیگ چائے کے ایک کپ میں پلاسٹک کے تقریباً 2500 ذرات چھوڑ سکتا ہے۔
اب سوچیے کہ ایک ٹی بیگ یہ کچھ کر رہا ہے تو ہمارے کھولتے ہوئے چنوں اور شوربوں کے ساتھ شاپر کیا سلوک کرتا ہوگا؟
مائیکرو پلاسٹک آخر ہے کیا؟
سادہ لفظوں میں یہ پلاسٹک کے نہایت باریک ذرات ہیں جن میں سے بیشتر آنکھ سے دکھائی بھی نہیں دیتے۔ پلاسٹک کی بوتل، شاپر یا ڈبہ جب گھستا، پرانا ہوتا یا گرم ہوتا ہے تو یہ ذرات الگ ہو کر پانی اور کھانے میں شامل ہو جاتے ہیں۔
تحقیق بتاتی ہے کہ یہ انسانی خون تک پہنچ سکتے ہیں۔ ابتدائی ریسرچ کے مطابق جسم کا مدافعتی نظام انہیں دشمن سمجھ کر ہائی الرٹ پر چلا جاتا ہے اور یوں جسم کے اندر سوزش پیدا ہو سکتی ہے۔
ایمانداری کی بات یہ ہے کہ ابھی کوئی آفیشل حد مقرر نہیں ہوئی کہ کتنا مائیکرو پلاسٹک محفوظ ہے اور کتنا نقصان دہ۔ عالمی ادارہ صحت کہتا ہے کہ شواہد ابھی اتنے نہیں کہ یقین سے کچھ کہا جا سکے، جبکہ یورپ کا فوڈ سیفٹی کا ادارہ اپنا پہلا مکمل جائزہ 2027 کے آخر میں جاری کرے گا۔ مضمون نگار مگر یہ بھی کہتی ہیں کہ شواہد کم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ فکر کی کوئی بات ہی نہیں۔ 
میں سمجھتا ہوں یہی رویہ درست ہے۔ سگریٹ کے بارے میں بھی برسوں یہی کہا جاتا رہا کہ ثبوت پکے نہیں، اور جب ثبوت آئے تو لاکھوں لوگ قیمت چکا چکے تھے۔ احتیاط کے لیے رپورٹ کا انتظار کیوں کیا جائے؟ یہ بات اس تناظر میں مزید اہم ہوجاتی ہے جب یہ ریسرچ شائع ہو چکی ہو کہ مردوں میں ہونےوالے معروف پروسٹیٹ کینسر میں جب آپریشن سےعلیحدہ ہونے والی رسولیوں کا جائزہ لیا گیا تو ان میں بے شمار مائیکرو پلاسٹک زرات پائےگئے۔ 
چائے کی پیالی میں پلاسٹک

دفاتر میں اکثر ٹی بیگ استعمال ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں: فائل فوٹو فری پکس

ترک تحقیق کے مطابق پلاسٹک والے ٹی بیگ ایک کپ میں ساڑھے پانچ سو سے ڈھائی ہزار تک بہت ننھے ذرات چھوڑتے ہیں، جبکہ کھلی پتی کی چائے میں یہ تعداد ایک ذرے سے بھی کم نکلی۔ دلچسپ نکتہ ان مہنگے، ریشمی سے پائرامڈ ٹی بیگز کا ہے جو بڑے ہوٹلوں میں اہتمام سے پیش کیے جاتے ہیں۔ یہ اکثر نائلون یا پلاسٹک کی جالی سے بنتے ہیں، کیونکہ اس میں پتی کھل کر پھیلتی ہے اور تصویر میں اچھی لگتی ہے۔ یعنی دیکھنے میں جتنا شاہانہ، صحت کے لیے اتنا ہی برا۔
یہاں ہم پاکستانی خاصے خوش قسمت ہیں۔ ہمارے گھروں میں عام طور پر کھلی پتی کی چائے بنتی ہے، دودھ پتی ہو یا قہوہ۔ ہمارا اصل مسئلہ تو شاپر ہے تاہم اب ہمارے ہاں بھی دفاتر میں اکثر ٹی بیگ استعمال ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ 
ڈھابے کی چائے اور کھولتا ہوا پلاسٹک کا شاپنگ بیگ
کسی بھی بازار، دفتر یا ورکشاپ میں چلے جائیں، چائے ڈھابے سے منگوائی جاتی ہے۔ چھوٹا لڑکا کھولتی ہوئی چائے شاپر میں ڈال کر، اوپر ربڑ چڑھا کر لے آتا ہے اور پھر وہ کپوں میں انڈیلی جاتی ہے۔ دودھ اور دہی تو ہمارے ہاں ہمیشہ سے شاپروں ہی میں آتے ہیں، یہ بھی ٹھیک نہیں، مگر ٹھنڈی اور گرم چیز میں بڑا فرق ہے۔
ٹائمز کے مضمون میں مختلف اقسام کی ریسرچ کا ذکر ہے، ان میں ایک بات بار بار سامنے آتی ہے کہ گرمی پلاسٹک کے ذرات کو تیزی سے باہر نکالتی ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ کھانا پلاسٹک کے ڈبے میں رکھنا ہی ہو تو پہلے اسے ٹھنڈا ہونے دیں۔ اب ذرا تصور کیجیے کہ یہ ماہرین دیکھ لیں کہ ہم ہنڈرڈ ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب کھولتی چائے سب سے پتلے اور گھٹیا پلاسٹک میں ڈال کر پی رہے ہیں تو ان کا کیا حال ہو؟
ناشتے کے چنے اور پائے کا شوربہ

پاکستان بھر میں پلاسٹک کے بیگز پر مکمل پابندی کے مطالبات کئی بار سامنے آ چکے ہیں: فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور میں لاکھوں گھر ایسے ہیں جہاں روزانہ ناشتے کے لیے چنے یا چھولے بازار سے منگوائے جاتے ہیں۔ یہ چنے سو فیصد شاپروں ہی میں آتے ہیں، اور وہ بھی کوئی موٹا، اچھا شاپر نہیں ہوتا۔ وہی پتلے کالے، گلابی یا سفید شاپر جو بازار کا سب سے گھٹیا پلاسٹک ہیں اور جن کے بارے میں کسی کو پتا نہیں کہ کس کچرے کو پگھلا کر بنائے گئے۔
دودھ دہی تو ٹھنڈے ہوتے ہیں، چنے مگر پتیلے سے سیدھے کھولتے ہوئے شاپر میں ڈالے جاتے ہیں اور پھر دس پندرہ منٹ کا سفرکر کے یہ گھر تک پہنچتے ہیں اور وہاں بھی ضروری نہیں کہ فوری کسی برتن میں ڈال لئے جائیں۔ گھنٹےدو تک بھی پڑے رہ سکتےہیں۔ گرم شوربے میں اس شاپر سے پلاسٹک کے باریک ذرات خارج ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اسی لیے میرے خیال میں ہماری خوراک میں سب سے خطرناک شاپر یہی ہے۔
یہی معاملہ پائے کا ہے۔ لاہور اور دوسرے شہروں میں سردیاں آتے ہی پائے اور بونگ پائے کی دکانوں پر رونق لگ جاتی ہے۔ گھر لے جانے کے لیے شوربہ کس میں ڈالا جاتا ہے؟ شاپر میں۔ گاڑھا، چکنا اور گرما گرم شوربہ۔ نہاری، حلیم اور تندور کی دال کا بھی کم و بیش یہی قصہ ہے۔ ہم بڑے شوق سے طعنہ دیتے ہیں کہ مغرب والے ڈبے کا کھانا کھاتے ہیں، مگر اپنے گرم کھانوں کا جو حشر ہم شاپر میں کرتے ہیں، اس کا خیال کم ہی آتا ہے۔
بوتل کا پانی اور ہماری گرمی

پاکستان میں پینے کا پانی پلاسٹک کی بوتلوں میں بھرا جاتا ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے: فائل فوٹو اے ایف پی 

ہم میں سے بہت سے لوگ بوتل کے پانی کو محفوظ سمجھتے ہیں۔ 2024 میں امریکہ کی کولمبیا اور رٹگرز یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ایک نئی تکنیک سے جائزہ لیا تو پتا چلا کہ بوتل کے ایک لیٹر پانی میں اوسطاً تقریباً دو لاکھ چالیس ہزار پلاسٹک کے انتہائی چھوٹے مائیکرو اور نینو ذرات ہوتے ہیں۔ تحقیق یہ بھی بتاتی ہے کہ بوتل جتنی دیر پڑی رہے، پانی میں پلاسٹک اتنا بڑھتا ہے، اور گرمی اور دھوپ میں یہ عمل پہلے مہینے ہی میں تیز ہو جاتا ہے۔
اب اپنے ہاں کا منظر دیکھیں۔ دکانوں کے باہر منرل واٹر کی پیٹیاں سارا دن دھوپ میں پڑی رہتی ہیں۔ جون جولائی میں جب پارہ 45 سے اوپر جاتا ہے تو گاڑی میں رکھی بوتل گھنٹوں تپتی ہے اور ہم وہی پانی سکون سے پی لیتے ہیں۔
معاملہ چھوٹی بوتلوں تک محدود نہیں۔ ہمارے لاکھوں گھروں اور دفتروں میں فلٹر شدہ پانی کی 19 لیٹر والی بڑی بوتلیں استعمال ہوتی ہیں۔ یہ سپلائی والی گاڑی پر کھلی دھوپ میں لدی گھومتی ہیں، دکانوں کے باہر قطار میں پڑی رہتی ہیں اور گھر پہنچ کر بھی اکثر برآمدے یا چھت پر 2، 3 دن دھوپ کھاتی رہتی ہیں۔ پھر یہی بوتلیں واپس جا کر دھلتی اور دوبارہ بھری جاتی ہیں، یعنی ہر چکر کے ساتھ پرانی اور گھسی ہوئی ہوتی جاتی ہیں۔ کم از کم اتنا تو ہو سکتا ہے کہ بوتل آتے ہی سائے میں رکھی جائے اور دھندلی، گھسی ہوئی بوتل لینے سے انکار کر دیا جائے۔
ایک دلچسپ انکشاف فرانس کے فوڈ سیفٹی ادارے کی دوہزار پچیس کی تحقیق میں ہوا کہ شیشے کی بوتلوں والے مشروبات میں پلاسٹک کی بوتلوں سے بھی زیادہ ذرات تھے، کیونکہ ان کے دھاتی ڈھکنوں کا پینٹ جھڑ کر اندر گرتا ہے۔ مضمون نگار کا مشورہ ہے کہ جہاں نلکے کا پانی محفوظ ہو وہاں وہی پیا جائے۔ ہمارے ہاں اکثر جگہوں پر یہ پانی محفوظ نہیں، اس لیے بہتر ہے کہ گھر میں پانی ابال کر یا فلٹر کر کے سٹیل یا شیشے کی بوتل میں رکھا جائے۔
چاول اور سبزیاں

مضمون میں سی فوڈ کا بھی ذکر ہے ، خاص کر ننھی مچھلیوں اور سیپ، اوئسٹر وغیرہ کا، کہ ان میں بہت زیادہ پلاسٹک کے ذرات ہیں۔ ہمارے ہاں سی فوڈ اور خاص کر یہ مہنگی والی سمندری خوراک کا ٹرینڈ نہیں مگر ہمارے لیے چاول زیادہ اہم ہے۔ 
آسٹریلیا کی کوئنز لینڈ یونیورسٹی کی دوہزار اکیس کی تحقیق میں کچے چاول کے سو گرام (آدھ پاو سے تھوڑے کم چاول)میں تین سے چار ملی گرام پلاسٹک ملا، جبکہ فوری پکنے والے یا پہلے سے پکے چاول میں یہ تقریباً چار گنا زیادہ تھا۔ وجہ زیادہ تر فیکٹری کی مشینری اور پیکنگ ہے۔ اسی تحقیق کے مطابق چاول کو کئی پانیوں میں اتنا دھویا جائے کہ پانی صاف آنے لگے تو پلاسٹک 20 سے 40 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
ہماری مائیں اور نانیاں چاول تین ، چار پانیوں سے دھو کر بھگوتی تھیں۔ ہم اسے پرانا طریقہ سمجھتے رہے، سائنس نے اسے درست ثابت کر دیا۔ بہتر یہی ہے کہ چاول خواہ کسی بھی قسم کے ہوں، پکانے سے پہلے اچھی طرح دھو لیے جائیں۔ فوری تیار ہونے والے اور زیادہ پراسیسڈ چاولوں کے بارے میں البتہ احتیاط مناسب ہے۔
سبزیوں پر تحقیق ابھی ابتدائی ہے۔ لیبارٹری میں دیکھا گیا کہ سلاد پتا، گندم اور مولی جیسے پودے جڑوں کی باریک دراڑوں سے پلاسٹک کھینچ لیتے ہیں، اور اٹلی کے محققین کو بازار کے سیب اور گاجر میں سب سے زیادہ پلاسٹک ملا۔ ماہرین واضح کہتے ہیں کہ اس وجہ سے پھل سبزی چھوڑنے کا سوال ہی نہیں، البتہ مٹی بھی پلاسٹک پہنچانے کا راستہ بن رہی ہے۔
تو پھر کیا کریں؟

لیبارٹری میں دیکھا گیا کہ سلاد پتا، گندم اور مولی جیسے پودے جڑوں کی باریک دراڑوں سے پلاسٹک کھینچ لیتے ہیں: فائل فوٹو اے ایف پی 

مضمون میں کچن کے لیے چند آسان احتیاطیں بتائی گئی ہیں۔ پلاسٹک کے برتن میں کھانا کبھی مائیکرو ویو نہ کریں۔ جو پلاسٹک کا ڈبہ گھس گیا ہو یا دھندلا ہو گیا ہو، اسے فارغ کر دیں کیونکہ وہ تیزی سے ذرات چھوڑتا ہے۔ کھانا رکھنے کے لیے شیشے یا چینی کے برتن استعمال کریں۔
یہاں مجھے ہنسی بھی آئی۔ ہمارے ہاں تو آئس کریم کا خالی ڈبہ بھی نہیں پھینکا جاتا۔ اس میں سالن رکھا جاتا ہے، فریج میں جاتا ہے اور پھر اسی ڈبے سمیت مائیکرو ویو میں گرم بھی ہو جاتا ہے۔ خاص کر سردیوں میں ساگ کے ذخیرہ جات امی حضور اور بیگم جان انہی ڈبوں میں ذخیرہ کرتی ہیں۔ پنجاب میں تو یہ ہر دوسرے گھر کا معاملہ ہے۔ یہ عادت آج ہی چھوڑ دیں۔
شاپر کا علاج تو ہماری اپنی روایت میں موجود ہے۔ زیادہ پرانی بات نہیں، لوگ دودھ لینے جاتے تو ساتھ برتن(سٹیل کا ڈھکنے والا ڈول وغیرہ) لے کر جاتے تھے اور دفتروں میں سٹیل کے ٹفن چلتے تھے۔
چنے یا پائے لینے جائیں تو سٹیل کی پتیلی ساتھ لے جائیں۔ ڈھابے سے چائے منگوانی ہو تو تھرماس میں لے لیں۔ دکاندار شروع میں حیرت سے دیکھے گا، ممکن ہے محلے والے بھی ہنسیں، مگر چند ہفتوں میں یہ معمول بن جائے گا۔
فریج کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں کے بجائے شیشے کی بوتلیں یا سٹیل کے چھوٹے جگ، مگے وغیرہ استعمال کریں۔ اندر سے سٹیل والی دلکش پانی کی چھوٹی تھرماس وغیرہ عام ملتی ہیں، انہیں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ خیال کیجیے کہ برتن معیاری، فوڈ گریڈ سٹین لیس سٹیل کا ہو۔ بہتر ہے کہ 304 یا 316 گریڈ استعمال کیا جائے۔
اس تبدیلی کے لیے کسی حکومت یا قانون کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، بس آپ نے خود ہی اپنی صحت کے لئے یہ فیصلہ کرنا ہے۔ اگلی اتوار چنے لینے نکلیں تو ہاتھ میں پتیلی ہو۔ اللہ ہم سب کو اور ہمارے بچوں کو ان دیکھی بیماریوں سے محفوظ رکھے۔ آمین
 

شیئر: