ہر بار کھانے کی خواہش محسوس ہونا جسمانی بھوک کی علامت نہیں ہوتا اور نہ ہی ہر خواہش کو فوری طور پر پورا کرنا ضروری ہے: فائل فوٹو فری پکس
کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا ہو، لیکن انسٹاگرام پر چیزوں سے بھرے پاستا یا کسی مزیدار میٹھے کی ویڈیو دیکھ کر دوبارہ کچھ کھانے کو دل چاہنے لگے؟
اخبار دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق اس کیفیت کو ’ہیڈونک ہنگر‘کہا جاتا ہے، یعنی جسم کی غذائی ضرورت کے بجائے ذائقے اور لطف کے لیے کھانے کی خواہش۔
عام جسمانی بھوک اس وقت محسوس ہوتی ہے جب جسم کو توانائی کی ضرورت ہو، جبکہ ہیڈونک ہنگر کا تعلق دماغ کے ریوارڑ سسٹم سے ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات پیٹ بھرنے کے باوجود انسان مزید کھانے کی خواہش محسوس کرتا ہے۔
آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں کھانوں کی تصاویر، پکوانوں کی ویڈیوز اور ریسٹورنٹس کے جائزے مسلسل ہماری توجہ حاصل کرتے ہیں، وہاں کھانے کی اس نفسیاتی خواہش کو سمجھنا پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
ڈوپامائن اور کھانے کی خواہش کا تعلق
ڈوپامائن دماغ میں پایا جانے والا ایک کیمیائی مادہ ہے جو تحریک، انعام اور سیکھنے کے عمل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسے عام طور پر ’خوشی کا کیمیکل‘ کہا جاتا ہے، لیکن اس کا کردار صرف خوشی محسوس کرنے تک محدود نہیں۔
ڈوپامائن خاص طور پر کسی پسندیدہ یا پُرلطف تجربے کی خواہش اور اسے حاصل کرنے کی تحریک پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
جب ہم چینی اور چکنائی سے بھرپور کھانوں کو دیکھتے، ان کی خوشبو محسوس کرتے یا ان کے ذائقے کا تصور کرتے ہیں تو دماغ کا نظامِ انعام متحرک ہو سکتا ہے۔ اس سے ایسے کھانوں کی جانب رغبت بڑھ جاتی ہے، چاہے جسم کو مزید توانائی کی ضرورت نہ ہو۔
اسی کیفیت کو بعض اوقات غیر رسمی طور پر ’ڈوپامائن ڈائننگ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اس میں کھانے سے متعلق مختلف محرکات جسمانی بھوک کے بغیر بھی کھانے کی خواہش پیدا کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا کھانے کی خواہش کیسے بڑھاتا ہے؟
ہیڈونک ہنگر کا تعلق دماغ کے ریواڑ سسٹم سے ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات پیٹ بھرنے کے باوجود انسان مزید کھانے کی خواہش محسوس کرتا ہے: فوٹو فری پکس
کھانے اور ڈوپامائن کے تعلق کو سمجھنے کے لیے سوشل میڈیا کے اثرات پر غور کرنا بھی ضروری ہے۔
کھانوں سے متعلق مواد کو مسلسل دیکھنے سے چکنائی اور چینی سے بھرپور غذائیں زیادہ پُرکشش محسوس ہونے لگتی ہیں۔ ایسی ویڈیوز اور تصاویر بار بار دیکھنے سے کھانے کی طلب، اس کے بارے میں سوچنے اور غذائی انتخاب پر اثر پڑ سکتا ہے، چاہے جسم کو اضافی توانائی کی ضرورت نہ ہو۔
اس کا اثر ان افراد پر زیادہ نمایاں ہو سکتا ہے جو ذہنی دباؤ، اداسی یا بوریت کی حالت میں کھانے کی طرف مائل ہوتے ہیں۔
جذبات میں کھانے کی عادت میں انسان کے لیے یہ فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ اسے واقعی بھوک لگی ہے یا وہ ذہنی سکون، تسکین یا خوشی کے لیے کچھ کھانا چاہتا ہے۔
اس لیے تشویش کی بات صرف یہ نہیں کہ ہم سوشل میڈیا پر کتنا وقت گزارتے ہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ کھانوں سے متعلق پُرکشش مواد بار بار دیکھنے سے ہماری بھوک، خواہشات اور غذائی انتخاب کس حد تک متاثر ہوتے ہیں۔
پیٹ بھرنے کے بعد بھی دماغ کھانا کیوں چاہتا ہے؟
جذبات میں کھانے کی عادت میں انسان کے لیے یہ فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ اسے واقعی بھوک لگی ہے یا وہ ذہنی سکون کے لیے کھانا چاہتا ہے: فوٹو فری پکس
ہیڈونک ایٹنگ کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کھانا کھانے کے بعد دماغ کس طرح ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
موٹاپے اور پری ڈائیبیٹیز (ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت) کے شکار بعض افراد میں دماغ کا ڈوپامائن ردعمل پیٹ بھرنے کی جسمانی کیفیت کے لیے کم حساس ہو سکتا ہے، جبکہ زیادہ کیلوریز والی غذاؤں کے محرکات بدستور ان کی توجہ اور خواہش کو بڑھا سکتے ہیں۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی شخص اپنی ضرورت کے مطابق کافی کیلوریز لینے کے باوجود مزید کھانے کی خواہش محسوس کر سکتا ہے، کیونکہ دماغ کھانے کے ذائقے اور اس سے ملنے والی لذت کی طرف مائل ہوتا ہے۔
کھانے کی خواہش پر قابو کیسے پایا جائے؟
مقصد کھانے سے لطف اندوز ہونے کی عادت ختم کرنا نہیں، کیونکہ کھانا زندگی کی بنیادی ضرورت کے ساتھ خوشی کا ذریعہ بھی ہے۔ اصل مقصد خوراک کے ساتھ صحت مند تعلق قائم کرنا اور جسمانی بھوک، جذباتی خواہش اور بیرونی محرکات کے درمیان فرق سمجھنا ہے۔
اس سلسلے میں چند عادات مددگار ثابت ہو سکتی ہیں:
ہیڈونک ایٹنگ کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کھانا کھانے کے بعد دماغ کس طرح ردعمل ظاہر کرتا ہے: فوٹو فری پکس
1۔ شعوری انداز میں کھانا کھائیں: کھانے کے دوران جلد بازی سے گریز کریں، موبائل فون اور ٹی وی سے توجہ ہٹائیں اور جسم کے بھوک اور پیٹ بھرنے کے اشاروں پر توجہ دیں۔
2۔ متوازن غذا کا انتخاب کریں: اپنی خوراک میں مناسب مقدار میں پروٹین، فائبر سے بھرپور غذائیں اور صحت مند چکنائیاں شامل کریں تاکہ پیٹ زیادہ دیر تک بھرا رہے اور غذائی ضروریات پوری ہوں۔
3۔ جذباتی محرکات کو پہچانیں: یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ آپ کھانا واقعی بھوک کی وجہ سے کھا رہے ہیں یا ذہنی دباؤ، بوریت اور جذباتی بے چینی کے باعث۔
4۔ سوشل میڈیا فیڈ کا خیال رکھیں: کھانوں کے اشتہارات، پُرکشش فوڈ ویڈیوز اور ایسے مواد کو بار بار دیکھنے سے محتاط رہیں جو غیر ضروری طور پر کھانے کی خواہش بڑھاتا ہو۔
5۔ ضرورت سے زیادہ غذائی پابندیوں سے گریز کریں: خوراک پر حد سے زیادہ سخت پابندیاں لگانے سے کھانے کے بارے میں مسلسل سوچنے اور مختلف غذاؤں کی طلب بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
کھانے کی خواہش اور حقیقی بھوک میں فرق سمجھنا ضروری
ہر بار کھانے کی خواہش محسوس ہونا جسمانی بھوک کی علامت نہیں ہوتا اور نہ ہی ہر خواہش کو فوری طور پر پورا کرنا ضروری ہے۔
ڈوپامائن، جذبات، کھانے سے متعلق محرکات اور پیٹ بھرنے کے احساس کے درمیان تعلق کو سمجھ کر ہم اپنی غذائی عادات کے بارے میں زیادہ بہتر اور شعوری فیصلے کر سکتے ہیں۔
ایسے ماحول میں جہاں کھانے کی تشہیر ہر وقت ہماری نظروں کے سامنے ہوتی ہے، غذائیت سے متعلق آگاہی صرف یہ جاننے تک محدود نہیں ہونی چاہیے کہ ہمیں کیا کھانا ہے، بلکہ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ہم کیوں کھاتے ہیں۔