Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 روزانہ صرف پانچ منٹ سیڑھیاں چڑھنے سے دل کی صحت بہتر ہو سکتی ہے: رپورٹ

رپورٹ کے مطابق، روزانہ تقریباً چھ منزلیں سیڑھیاں چڑھنے سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکتا ہے (فوٹو: پکسابے)
ایک تحقیق کے مطابق روزانہ چند منٹ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کی صحت بہتر بنانے، بلڈ پریشر میں کمی اور جسمانی فٹنس میں اضافے میں مدد دے سکتی ہے۔ 
برطانوی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، ہفتے میں کئی مرتبہ مختصر دورانیے کے لیے سیڑھیاں چڑھنا بھی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا اور نورفولک اینڈ ناروچ یونیورسٹی ہسپتال کی ایک تحقیق کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے مطابق باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھنے والے افراد میں دل سے متعلق مسائل کے باعث موت کا امکان ان لوگوں کے مقابلے میں 39 فیصد کم پایا گیا جو ایسا کم کرتے ہیں۔ ان افراد میں دل کے دورے اور فالج جیسی بڑی قلبی بیماریوں کا خطرہ بھی کم تھا۔ 
رپورٹ کے مطابق، روزانہ تقریباً چھ منزلیں سیڑھیاں چڑھنے سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکتا ہے تاہم معمولی اضافے کے بھی قابلِ پیمائش فوائد سامنے آئے۔
السٹر یونیورسٹی کی پروفیسر میری مرفی ورزش اور صحت کے شعبے سے وابستہ ہیں،  انہوں نے بتایا کہ سیڑھیاں چڑھنے سے دل کو مختصر وقت کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس سے وہ مضبوط ہوتا ہے۔ ان کے مطابق یہ سرگرمی بلند بلڈ پریشر میں کمی، انسولین کے لیے جسم کی حساسیت بہتر بنانے، کیلوریز جلانے اور وزن برقرار رکھنے میں بھی مدد دے سکتی ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ یہ مشق چلنے پھرنے کے لیے ضروری عضلاتی ہم آہنگی اور جسمانی کنٹرول برقرار رکھنے میں بھی معاون ہو سکتی ہے۔

میری مرفی نے خبردار کیا کہ ابتدا میں آہستہ رفتار اختیار کرنی چاہیے اور بتدریج دورانیہ یا رفتار بڑھانی چاہیے (فوٹو: ہاورڈ ہیلتھ)

رپورٹ میں ٹولین یونیورسٹی کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روزانہ پانچ منزلیں سیڑھیاں چڑھنے کے فوائد 10 ہزار قدم چلنے کے فوائد کے برابر ہو سکتے ہیں۔ تاہم میری مرفی نے خبردار کیا کہ ابتدا میں آہستہ رفتار اختیار کرنی چاہیے اور بتدریج دورانیہ یا رفتار بڑھانی چاہیے۔ ایک وقت میں دو سیڑھیاں چڑھنے سے ورزش کی شدت بڑھ سکتی ہے، لیکن گرنے کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ریلنگ پکڑنے اور درمیان میں آرام کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
رپورٹ کی مصنفہ لز ہوگارڈ نے چار ہفتے تک روزانہ پانچ منٹ سیڑھیاں چڑھنے کا تجربہ کیا۔ ان کے مطابق اس دوران ان کی جسمانی برداشت اور توانائی میں بہتری آئی، وی او ٹو میکس کی سطح ’مناسب‘ سے ’درمیانی‘ درجے تک پہنچی اور کل کولیسٹرول 5.97 سے کم ہو کر 5.82 ملی مول فی لیٹر رہ گیا۔

شیئر: