Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے کون سی پابندیاں برقرار ہیں؟

مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے 48 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر کی طرح کورونا کی صورت حال تبدیل ہونے کے ساتھ پاکستان میں بھی سفری پروٹوکولز میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور پاکستان سے بیرون ملک جانے اور آنے والوں کو کچھ چیزوں کا خصوصی خیال رکھنا ہوتا ہے، تاہم وہ باتیں کون کون سی ہیں اور کیسے پتا چلے گا کہ اس وقت کون سی پابندیاں ختم ہو گئی ہیں اور کون سی برقرار رہیں۔
ان سوالوں کا جواب جاننے کے لیے اردو نیوز نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے تازہ ترین پروٹوکولز کے بارے میں بتایا جن پر جمعرات سے ہی عمل درامد شروع کردیا گیا ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے حوالے سے بتایا کہ وہ لوگ جنہوں نے ویکسین کی تمام خوراکیں لگوا لی ہیں، ان کے لیے 48 گھنٹے قبل ہونے والے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
انہوں نے ساتھ یہ وضاحت بھی کی ایسے مسافر جو مکمل ویکسینیٹڈ نہیں اور ان کی عمر 12 سال سے زیادہ ہو، ان کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ پی سی آر کی نیگیٹیو رپورٹ دکھائیں اور جو سفر کے وقت سے 72 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو۔
سیف اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان آنے والوں کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی شرط ہے، سوائے ان مسافروں کو کسی قسم کا استثنیٰ دیا گیا ہو۔

12 سال سے کم عمر کے مسافروں کو مکمل ویکسینیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 12 سال سے کم عمر کے مسافروں کو مکمل ویکسینیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
تاہم 12 سے 18 سال تک کے مسافر 31 مارچ 2022 تک فل ویکسینیشن کے بغیر پاکستان آ سکیں گے۔
جب سے ان سے ڈیپورٹ ہونے والے یا بارڈرز ٹرمینلز کے ذریعے پیدل پہنچنے والے مسافروں کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ایسے افراد کے لیے بھی ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کرانا ضروری ہو گا، اور اگر وہ مثبت آئے تو ان کو دس روز گھر پر قرنطینہ کرنا ہو گا۔
خیال رہے 22 فروری کو متحدہ عرب امارات کے حکام نے پاکستان سے دبئی اور شارجہ جانے والوں کے لیے ایئرپورٹ پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی تھی اور اس کا اطلاق 22 فروری کی شام کو ہوا تھا۔
ترجمان سول ای ایشن نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اینٹیجن ریپڈ ٹیسٹ کی شرط صرف شارجہ اور دبئی جانے والے مسافروں کے لیے ختم کی گئی ہے، امارات کے دیگر ممالک میں جانے والوں کے لیے نہیں۔
یورپی ممالک کا سفر کرنے والوں کے لیے شرائط کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ترجمان نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کی قومی ایئرلائن یا نجی کمپنی کا کوئی بھی جہاز یورپی ممالک نہیں جا رہا، اور جو لوگ جا رہے ہیں وہ غیرملکی پروازوں کے ذریعے جا رہے ہیں۔ وہاں جانے والوں پر انہی ممالک کے ضوابط لاگو ہوں گے۔

شیئر: