Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ قبول کرے: پاکستان

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دبئی میں پاکستانی سفارت خانے نے متحدہ عرب امارات کے حکام سے پاکستان سے رہائشی ویزوں کے حامل مسافروں کے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ قبول کرنے کی درخواست کی ہے۔
پاکستانی سفارت خانے نے متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے نام جمعے کو لکھے گئے خط میں درخواست کی ہے کہ ’وزارت امارات کے متعلقہ حکام سے رابطہ کرے اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے کہے اور متحدہ عرب امارات کا رہائشی ویزا رکھنے والے مسافروں کے پاکستان سے روانگی کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی بجائے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ قبول کیا جائے۔‘
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان سے مسافروں کو داخلے کی مشروط اجازت دینے کے فیصلے کے بعد پروازیں بحال ہو چکی ہیں لیکن اسلام آباد اور کراچی سے امارات جانے والی پروازوں سے مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔
پاکستانی سفارت خانے نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی جانب سے حال ہی میں رہائشی ویزوں کے حامل پاکستانیوں کوملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر شکر گزار ہیں لیکن واپسی کی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ مسافروں کو آمد سے قبل پاکستانی ایئرپورٹس پر اپنا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔‘
’معزز وزارت کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ فی الحال پاکستان کے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے متحدہ عرب امارات جانے والے بہت سے مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا ہے۔ البتہ پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔‘

شیئر: