Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیرخزانہ شوکت ترین سے امارات کے سفیر کی ملاقات

حماد عبید ابراہیم سلیم الذاہبی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سلیم الذاہبی نے منگل کو وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر اور یو اے ای کے سفیر نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر گفتگو کی۔
فریقین نے دونوں ممالک کے مستحکم باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے حوالہ سے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الذاہبی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور مذہبی سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کا باہمی تعاون مزید مستحکم ہو گا۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے معزز مہمان اور ان کے ملک کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔

شیئر: