Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منشیات سمگلنگ کیس: چیک ماڈل کا اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

لاہورہائی کورٹ نے چیک ماڈل کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
منشیات سمگلنگ کیس میں بری ہونے والی چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا ہلوسکووا نے وطن واپسی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 
چیک ریپبلک ماڈل ٹریزا نے وطن واپسی کے لیے سفری دستاویزات واپس کرنے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔
ماڈل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹریزا کو 2018 میں منشیات سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جبکہ لاہورہائی کورٹ نے موکلہ کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے لیکن تاحال سامان اور پاسپورٹ واپس نہیں کیا گیا۔ 
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں درخواست کیوں نہیں دائر کی؟
درخواست گزار کے وکیل سیف الملوک نے کہا کہ ’وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہے اس لیے یہاں پر درخواست دائر کی ہے۔ میری موکلہ کو 2018 میں گرفتار کیا گیا ٹرائل کورٹ سے سزا ہوئی جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔‘ 
وکیل نے کہا کہ وزارت داخلہ سے پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست کی تھی تاہم وزارت داخلہ نے وطن واپس جانے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ 
عدالت نے وزارت داخلہ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کردی ہے۔ 
خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں منشیات سمگلنگ کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے ماڈل کی رہائی کا 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا تھا۔ 

چیک ماڈل نے وطن واپسی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

فیصلے میں چیک ماڈل ٹریزا کی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو منظور کرتے ہوئے ٹریزا کو بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ ٹریزا کی تلاشی لینے والی خاتون کو گواہ نہیں بنایا گیا اور کانسٹیبل کو گواہ نہ بنا کر ایک گواہی روکی گئی۔ 
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسٹم ہاؤس منشیات کب، کہاں اور کیسے پہنچی، اس حوالے سے کوئی تفتیش نہیں کی گئی جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی نہیں لی گئی۔  
واضح رہے کہ 20 مارچ 2019 کو منشیات سمگلنگ کےجرم میں گرفتار غیر ملکی خاتون ماڈل ٹریزا ہلوسکووا کو عدالت نے 8 سال قید کی سزا سنا دی تھی۔
منشیات سمگلنگ کیس کا فیصلہ 14 ماہ بعد سنایا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ٹریزا پر ہیروئن کی سمگلنگ کا جرم ثابت ہوا تھا اور انھیں 8 سال اور 8 ماہ جیل میں گزارنا تھے۔غیر ملکی ماڈل کو قید سمیت 1 لاکھ 13 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔ 
چیک ریپبلک کی ماڈل 10 جنوری 2018 کو 9 کلو ہیروئین لے جانے کی کوشش میں گرفتار ہوئی تھیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر دبئی سے آئرلینڈ جاتے ہوئے ان کے سامان کی چیکنگ کے دوران ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔ 

شیئر: