Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے نئی رعایتیں کیا ہیں؟ 

ہیلتھ انشورنس، ہوٹلنگ اور گاڑیوں میں خصوصی رعایتیں دی جائیں گی ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات ابوظبی میں حکام نے گولڈن اقامہ ہولڈرز کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ ہیلتھ انشورنس، ہوٹلنگ اور گاڑیوں کے حوالے سے خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق اقتصادی فروغ ادارے کے  ماتحت ابوظبی ادارہ تارکین نے کہا ہے کہ ابوظبی میں گولڈن اقامہ ہولڈرز کو خصوصی رعایتیں اور سہولتیں دی جائیں گی۔ یہ فیصلہ ابوظبی میں اقامہ ہولڈرز کے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
گولڈن اقامہ ہولڈر ریاست کے اقتصادی نظام کا حصہ بنیں گے۔ سرمایہ کاری و کاروبار میں ریاست کے سٹریٹیجک اہداف حاصل کرنے کی مہم میں حصہ لیں گے۔
گاڑیوں، ہوٹل اور ہیلتھ انشورنس وغیرہ سیکٹرز کی بڑی کمپنیاں گولڈن اقامہ ہولڈرز کو خصوصی آفرز دیں گی۔
ابوظبی ادارہ تارکین کے قائم مقام ایگزیکٹیو ڈائریکٹر حارب المھیری نے اس حوالے سے کہا ہے کہ گولڈن اقامہ نئے امکانات کی جہت میں موثر قدم ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ  گولڈن اقامہ ہولڈرز کو سہولتیں اور رعایتیں مہیا کریں۔ 
المھیری نے کہا کہ مستقبل میں خصوصی رعایتوں کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اس میں غیر گولڈن اقامہ ہولڈرز کو بھی شامل کیا جائے گا۔  
انہوں نے کہا کہ بڑی کمپنیاں جدید طرز کی گاڑیوں پر گولڈن اقامہ ہولڈرز کو رعایتیں دیں گی۔ رجسٹریشن میں انہیں دوسروں پرترجیح دیں گی۔ ادائیگی، اصلاح و مرمت اور مختلف لائسنسوں کے اجرا میں آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز اور ان کے اہل خانہ کو لگژری ہوٹلوں میں رہائش کے حوالے سے خصوصی آفرز اور کھانوں میں رعایت  دی جائے گی۔
المھیری نے بتایا کہ ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے بھی گولڈن اقامہ ہولڈرز کو سالانہ آفرز ملیں گی۔ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو سپیشل ہیلتھ انشورنس سکیمیں پیش کی جائیں گی۔ 

شیئر: