Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے ’ورسٹائل‘ اداکار مسعود اختر چل بسے

پاکستان کے سینیئر اداکار مسعود اختر طویل علالت کے بعد 82 برس کی عمر میں آج سنیچر کی صبح انتقال کر گئے ہیں۔
خاندانی ذرائع نے مسعود اختر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار مسعود اختر گذشتہ دو ماہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
مسعود اختر پھیپھڑوں کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، انھیں گذشتہ سال اپنے جوان بیٹے کی اچانک موت کے باعث ہارٹ اٹیک بھی ہوا تھا۔
مسعود اختر نے ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں ميں بھی اداکاری کے جوہر دکھاٸے۔ انہیں 2005 ميں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گيا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مسعود اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مسعود اختر ورسٹائل اداکار تھے، انہوں  نے فلموں اور ڈراموں میں اپنی اداکاری سے پرستاروں کو متاثر کیا۔‘
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بھی لیجنڈری اداکار کے انتقال پر ان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’مسعود اختر کی فن ثقافت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مسعود اختر کے انتقال سے فن ثقافت میں پیداہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوگا۔‘

شیئر: