Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط ختم

کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر میں نرمی کرتے ہوئے حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے  ایس پی اے  کے مطابق سنیچر کی شب وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’ کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے۔ مملکت آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔‘
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ’ امور صحت کے نگران اداروں کی جانب سے جاری سفارشات کی روشنی میں متعدد احتیاطی تدابیر میں نرمی کی جارہی ہے۔‘ 
حرمین شریفین اور تمام مساجد میں نماز باجماعت کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم ماسک کے استعمال کی شرط  بدستور عائد رہے گی۔ 
تمام مقامات پر(بند اور کھلے ) سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔  
کھلے مقامات پرماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے جبکہ بند مقامات پرماسک استعمال کیاجائے گا۔ 
مملکت میں آنے کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی گئی ہے جبکہ کسی بھی نوعیت کے وزٹ ویزے پرآنے والوں کے لیے میڈیکل انشورنس حاصل کرنا لازمی ہوگا جس میں کورونا کے علاج کی مکمل سہولت فراہم کی گئی ہو۔ 
بیان کے مطابق مملکت آنے والوں کےلیے قرنطینہ اورآئسولیشن کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے۔

شیئر: