Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی کمپنیاں مسافروں کو قرنطینہ پیکیج فیس واپس کریں: محکمہ شہری ہوابازی 

پی سی آر ٹیسٹ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کےمحکمہ شہری ہوابازی نے تمام فضائی کمپنیوں کو مملکت آنے والے مسافروں سے قرنطینہ پیکیج کی مد میں لی جانے والی پیشگی فیس واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکومت نے سعودی عرب آنے والوں سے ہوٹل قرنطینہ اور ہاؤس آئسولیشن کی پابندی اٹھالی ہے اور پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کردی ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی نے اس تناظر میں ہدایت دی ہے کہ ’ جو فضائی کمپنیاں مملکت آنے والے مسافروں سے ہوٹل قرنطینہ فیس وصول کرچکی ہیں وہ فیس واپس کریں کیونکہ اب یہ پابندی ختم ہوچکی ہے‘۔ 
محکمہ شہری ہوابازی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’مملکت آنے کے  لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری تھا اب یہ شرط ختم کردی گئی ہے‘۔
دوسری جانب محکمہ شہری ہوابازی نے مختلف ویزا ہولڈرز سے کہا ہے کہ’ مملکت میں قیام کے دوران ہیلتھ انشورنس لامی ہوگا جس میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر اس کے علاج کی کوریج شامل ہو‘ـ 
محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ ’محکمے کی جاری کردہ ہدایات کی پابندی نہ کرنا قابل سزا عمل ہے۔ اسے سرکاری آرڈیننس کی کھلی خلاف ورزی مانا جائے گا جو بھی اس خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اسے کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا‘۔

شیئر: