Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کامیڈین کپل شرما کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں؟

کپل شرما پر الزام ہے کہ انہوں نے کشمیر پر بننے والی فلم کو پروموٹ کرنے سے انکار کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کامیڈین اور اداکار کپل شرما ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِبحث ہیں اور اس بار گفتگو ان کے کسی نئے پراجیکٹ یا مذاق ہر نہیں ہورہی بلکہ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کشمیر کے موضوع پر بننے والی ایک فلم کو اپنے شو میں پروموٹ نہیں کیا۔
کپل شرما پر ٹوئٹر پر تنقید اس وقت شروع ہوئی جب ’دا کشمیر فائلز‘ فلم کے پروڈیوسر ویویک اگنی ہوتری نے ایک پرستار کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں فیصلہ نہیں کرسکتا کہ کس کو کپل شرما شو پر مدعو کیا جائے۔ یہ ان کی اور ان کے پروڈیوسر کا چناؤ ہوتا ہے کہ کسے شو پر مدعو کیا جائے۔‘
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ویویک نے کپل شرما پر ایسا الزام لگایا ہو۔ کچھ دن قبل بھی انہوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’انہوں نے ہمیں اپنے شو پر مدعو کرنے سے انکار کردیا کیونکہ ہمارے پاس کوئی کمرشل سٹار نہیں۔‘
واضح رہے ’دا کشمیر فائلز‘ فلم انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں 1990 کی دہائی میں بسنے والے ہندو پنڈتوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم کے نمایاں اداکاروں میں انوپم کھیر، متھن چکرورتی اور پلولی جوشی شامل ہیں۔

ویویک کی ٹویٹس کے بعد انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین کپل شرما شو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔
لتا نامی صارف نے لکھا کہ ’کپل شرما شو کا بائیکاٹ کیا جائے۔ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ اس شو کی کوئی اوقات نہیں۔‘

ندھی نامی صارف نے لکھا کہ کپل شرما کے شو پر ’باڈی شیمنگ‘ کی جاتی ہے اور ’تضحیک آمیز‘ باتیں کی جاتی ہیں۔

کپل شرما کی جانب سے ان الزامات کے جواب میں اب تک کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔

شیئر: