Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی

پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔
منگل کو مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام کے اراکین اسمبلی نے سپیکر کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد جمع کروائی۔
اپوزیشن جماعتوں کے ارکان میں مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب پیپلزپارٹی کی شازیہ مری اور جے یو آئی کی شاہدہ اختر علی اور عالیہ کامران شامل تھے۔
اپوزیشن ارکان نے اجلاس کی ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد ایک ساتھ جمع کرائی۔
خیال رہے کہ گذشتہ اتوار کو میلسی میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن پارٹیوں اور رہنماؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 25 سال پہلے سیاست میں ان کا مقابلہ (اپوزیشن) کرنے کے لیے آئے تھے۔ ’ان کا مقابلہ کروں گا میری تیاری پوری ہے۔‘
’عدم اعتماد لانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جو کچھ کرنا ہے کریں لیکن جب عدم اعتماد ناکام ہوگی تو جو میں آپ کے ساتھ کروں گا کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟‘
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعطم کے خلاف تحریک لانے کے لیے کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی اور آج منگل کو اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں کے رہنما آصف علی زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔
ایک دن پہلے پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان نے پارٹی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

 

شیئر: