Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین، اسرائیلی اداکارائیں نیٹ فلکس کی فلم کا حصہ

عالیہ بھٹ کی پچھلی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی نے ایک ہفتے میں 100 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکارہ عالیہ بھٹ اپنے کیریئر میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈبیو کرنے جارہی ہیں کیونکہ نیٹ فلکس نے اپنی اگلی فلم کے لیے ان کا انتخاب کرلیا ہے۔
نیٹ فلکس انڈیا نے انسٹاگرام پوسٹ میں بدھ کو اعلان کیا ہے کہ عالیہ بھٹ ’ہارٹ آف سٹون‘ نامی فلم کا حصہ ہوں گی اور ان کے ساتھ اس فلم میں معروف اسرائیلی اداکارہ گیل گیڈت بھی جلوہ گر ہوں گی۔
ان دونوں اداکاراؤں کے علاوہ آئرش اداکار جیمی ڈورنن بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔ اس فلم کی کہانی کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی لیکن نیٹ فلکس کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’انٹرنیشنل سپائی تھرلر‘ ہوگا جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاید اس فلم میں عالیہ بھٹ کسی جاسوس کا کردار ادا کررہی ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل اسرائیلی اداکارہ جو کہ دنیا بھر میں ’ونڈر ویمن‘ کے نام سے مشہور ہیں ان کی آخری فلم بھی نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تھی۔
گیل گیڈٹ کی فلم ’ریڈ نوٹس‘ میں ہالی وڈ کے مہنگے ترین اداکار ڈیوائن جانسن اور ریان رینلڈز بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔
دوسری جانب عالیہ بھٹ کی آخری فلم پچھلے مہینے ریلیز ہوئی تھی جس کا نام ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ تھا۔
عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔
بھنسالی پروڈکشن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا تھا کہ فلم نے اب تک 108.3 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔
یہ فلم کامتھی پورہ کی گنگوبائی کی زندگی کے سفر کا بیان کرتی ہے جو ممبئی کے مافیا کی سب سے طاقتور شخصیات میں سے ایک تھیں۔ عالیہ بھٹ نے فلم میں گنگوبائی کا کردار ادا کیا ہے۔

شیئر: