Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کے سپورٹرز تحریک عدم اعتماد کے روز ڈی چوک پہنچیں: وزیرداخلہ

شیخ رشید کے مطابق ’تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد اپوزیشن کا اپریل فول منائی گے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کے سپورٹرز سے تحریک عدم اعتماد کے روز ڈی چوک پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ بیان میں شیخ رشید نے لکھا ’میری اپیل ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے تمام ووٹر اور سپورٹرز تحریک عدم اعتماد کے دن پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ڈی چوک گرین ایریا میں جمع ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’انشااللہ فتح ہونے کے بعد نماز شکرانہ ادا کریں گے۔‘
خیال رہے اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے اور سپیکر کو 14 روز کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شکر ہے کہ اپوزیشن خود کہہ رہی ہے کہ امپائر نیوٹرل ہے۔ یہ تحریک عدم اعتماد کا شوق پورا کر لے، یہ تحریک وزیراعظم کے لیے اطمینان کی موومنٹ بن جائے گی۔
شیخ رشید کے مطابق تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور پھر اپوزیشن کا اپریل فول منائیں گے۔
انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سامراجی سوچ کے تحت انجمن بقائے باہمی کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں اور ان کو احتساب کا بھی خوف ہے۔

جلسے میں وزیراعظم کی جانب سے نیٹو کو جواب دینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے ان کا دفاع کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ بھی جلسوں میں خارجہ پالیسی عوام کے سامنے رکھ دیا کرتے تھے۔
ان کے مطابق ہم امریکی بلاک میں ہیں نہ چینی میں اور نہ روسی بلاک میں، ہم سب سے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر کے اختیار ہے کہ 14 روز میں اجلاس بلائیں، وہ کسی بھی وقت بلا سکتے ہیں۔
 
 

شیئر: