Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں جاری خانہ و مردم شماری کا اہم مرحلہ مکمل

14 ہزار سے زائد فیلڈ ورکرز نے مہم میں شرکت کی ہے( فوٹو عرب نیوز) 
سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ مملکت میں جاری خانہ و مردم شماری کا اہم مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
مردم شماری کے پہلے مرحلے کا آغاز 26 جنوری کومملکت کے تمام ریجنز میں کیا گیا تھا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق محکمہ شماریات کی جانب سے شروع کی جانے والی مہم کا اہم حصہ خانہ شماری پرمشتمل تھا جس میں مملکت کے تمام ریجنز میں 14 ہزار سے زائد فیلڈ ورکرز نے شرکت کی۔ 
خانہ شماری کے مرحلے کا اختتام 10 مارچ کو ہوا ہے جس کے تحت آباد و غیر آباد گھروں اور ان میں رہنے والوں کا اندراج ڈیجیٹل طریقے سے کیا گیا۔ 
خانہ ومردم شماری کی مہم کے کامیاب اختتام پرمحکمہ شماریات کا کہنا تھا کہ فیلڈ ورکرز کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ مہم کو کامیاب بنانے میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے بھرپورتعاون کیا۔ 
مردم شماری کے لیے محکمہ کی جانب سے جدید طریقوں کا انتخاب کیا گیا جس کا مقصد باریک بینی سے مملکت کی مجموعی آبادی اور مکانوں کو شمار کرنا تھا۔ 
مہم میں شریک فیلڈ ورکرز کوجدید ترین ٹیبلیٹس فراہم کیے گئے تھے جن میں گھرکا اندراج کرنے کے ساتھ ہی مکان میں رہنے والوں کی تعداد بھی درج کی گئی تھی۔ 
محکمے کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری 2022 کے دوسرے مرحلہ کاآغاز 10 مئی 2022 سے کیا جائے گا جس میں سربراہ خانہ کو ڈیجیٹل فارم فراہم کیاجائے گا جس میں بنیادی معلومات درج کی جائیں گی۔
دوسرا مرحلہ سربراہ خانہ کی صوابدید پرہوگا کہ وہ آن لائن فارم یا فیلڈ ورکرز کے ذریعے مطلوبہ معلومات فراہم کرتے ہیں۔ 

شیئر: