Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گرجا گھروں میں دھماکے کی مذمت،مصر کے ساتھ ہیں، عرب ممالک

دہشت گردی کی بیخ کنی کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں،   بزدلانہ کارروائی پر افسوس ہے،   پرامن شہریوں کو  ہراساں کرنا قابل قبول نہیں،  جی سی سی ممالک ، او آئی سی  اور عرب لیگ کا  دھماکوں پر ردعمل
 
قاہرہ :مصر میں گرجا گھروں میں   ہونے والے دھماکوں  پر  عرب ممالک  کے  علاوہ  عالمی برادری نے  سخت الفاظ میں  مذمت کرتے ہوئے  اس بات  پر زور دیا ہے کہ  دہشت گردی کی   بیخ کنی کیلئے  مشترکہ کوششیں  ناگزیر ہیں۔  تفصیلات کے  مطابق   قطری  وزارت خارجہ نے   اعلامیہ جاری کرتے ہوئے  گرجاگھروں میں  ہونے والے دھماکوں کی  مذمت کرتے ہوئے  مصر کو  یقین دلایا کہ  اس مشکل وقت میں  عرب ممالک  اس کے ساتھ ہیں۔  اردن کے  فرمانروا شاہ عبداللہ  نے  کہا ہے کہ  گرجاگھروں میں  ہونے والی   بزدلانہ کارروائی  پر  انتہائی  افسوس ہے۔   اسی طرح  متحدہ عرب امارات نے   اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ  گرجاگھروں میں  ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بے گناہوں کا خون بہایا گیا۔   پرامن  شہریوں کو ہراساں کرنا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں۔   اماراتی   وزیر  خارجہ  شیخ عبداللہ بن زاید آل  النہیان نے  مصری  حکومت   اور  عوام کو  یقین دلایا کہ   اماراتی حکومت  اور  عوام ان کے  دکھ میں   برابر کے شریک ہیں۔  ادھر  کویتی   وزارت خارجہ نے    مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ  گرجاگھروں کو   نشانہ بنانے کی  جتنی   مذمت کی جائے کم ہے۔    بیان میں کہا گیا کہ  کویتی  حکومت  اور  عوام کو  یقین ہے کہ  مصری حکومت   اور عوام  مشکل وقت  میں  تدبر سے کام لیتے ہوئے    جذباتی رو میں نہیں  بہیں گے۔ گرجاگھروں کو   نشانہ بنانے کا مقصد  مصر کی  وحدت کو     پارہ پارہ کرنا ہے۔  مملکت  بحرین نے بھی     مذمتی  بیان  جاری کرتے ہوئے کہا کہ  بے گناہ انسانوں کو    نشانہ   بنانا کسی طور قابل  قبول نہیں۔ بحرین ہر طرح کی  دہشت گردی کو  مسترد کرتا  ہے۔   ادھر   سلطنت عمان نے بھی  اعلامیہ جاری کرتے ہوئے  مصری حکومت  سے  اظہار  تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ   دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کیلئے عرب ممالک کو  مشترکہ کوششیں کرنی ہونگی۔  تیونس کی   وزارت خارجہ نے  مصری عوام کے  ساتھ  اظہار یکجہتی کرتے ہوئے  کہا ہے کہ  تیونس،  مصر کی  سلامتی  اور  استحکام  کا  خواہشمند ہے۔  عراقی    وزارت  خارجہ نے   مذمتی بیان میں کہا  کہ  دہشت گردی کے  ناسور سے  نجات حاصل کرنے کیلئے  عالمی برادری کو  مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔   سوڈانی     وزارت خا رجہ نے   اپنے ا علامیہ میں کہا کہ  مشکل وقت  میں   سوڈان  اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔   دریں اثناء   ازہر نے   اعلامیہ  جاری کرتے ہوئے گرجا گھروں کو   نشانہ بنانے کی  شدید الفاظ میں  مذمت کرتے ہوئے کہا کہ   دہشت گردی کا کوئی دین ،  ایمان اور  وطن نہیں ہوتا۔   دہشت گرد  انسانیت کے دشمن ہیں۔   اس مشکل   وقت میں  مصر کے  عیسائی اور مسلمانوں کو   اتحاد  و اتفاق  کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔   دوسری طرف    اسلامی تعاون تنظیم  او آئی سی نے  اعلامیہ جاری کرتے ہوئے  دھماکوں پر  افسوس کا  اظہار کیا ہے۔  او آئی سی کے  جنرل سیکریٹری  ڈاکٹر یوسف  بن احمد ا لعثیمین  نے  مصری عوام سے  اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی  جلد شفایابی  کی   خواہش کا اظہار کیا۔   رابطہ عالم اسلامی نے بھی  مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے  بے گناہوں کے قتل  عام پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔  عرب لیگ نے بھی  اپنے بیان میں کہا ہے کہ  دھماکوں میں  ملوث افراد کو  عبرتناک  سزا  دی جائے۔
 
 

شیئر: