کیا دھونی اور کوہلی ایک ساتھ موٹر سائیکل پر نظر آئے؟
ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں دلچسپ تبصروں کی بھرمار ہے۔ تصویر: اویرج انسٹاگرام
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دو افراد موٹر سائیکل پر سوار دکھائی دیتے ہیں اور ان کی شکل و صورت انڈین کرکٹ کے لیجنڈز مہندر سنگھ دھونی اور وراٹ کوہلی سے حیران کن حد تک ملتی ہے۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام صارف اویرج کی جانب سے شیئر کی گئی ہے اور اب تک اسے تقریباً 10 کروڑ 80 لاکھ (108 ملین) سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
ویڈیو دیکھنے والے کئی صارفین نے ابتدا میں یہی سمجھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد واقعی دھونی اور کوہلی ہی ہیں۔
ویڈیو میں ایک راہگیر وراٹ کوہلی کے ہم شکل نوجوان کے قریب آتا ہے جو اشارہ کر کے موٹر سائیکل چلانے والے شخص کو دکھاتا ہے۔ اس لمحے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہ شخص ایم ایس دھونی کا ہم شکل ہے۔ اس حقیقت کے سامنے آتے ہی وہاں موجود لوگ ہنسنے لگتے ہیں، رک کر دیکھتے ہیں اور موبائل فون سے ویڈیو بنانے لگتے ہیں۔
خاص طور پر دھونی کے ہم شکل نوجوان کی پرسکون شخصیت اور چہرے کے تاثرات نے سوشل میڈیا صارفین کو متاثر کیا ہے جنہیں وہ سابق انڈین کپتان کی یاد دلاتے ہیں۔ جیسے ہی یہ دونوں سڑک پر آگے بڑھتے ہیں، راہگیر انہیں دیکھتے رہتے ہیں۔
ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں بھی دلچسپ اور مزاحیہ تبصروں کی بھرمار ہے۔ ایک صارف نے دونوں کی شکل کے مشابہت سے لکھا ہے کہ ’وراٹ کوہلی 60 فیصد، ایم ایس دھونی 90 فیصد۔‘
کچھ صارفین نے تخلیقی انداز اپناتے ہوئے تبصرہ کیا، ’کیرات ووہلی اور ایم ایس سونی۔‘ جبکہ ایک اور نے لکھا، ’تھالا فار ہاف ریزن۔‘
ایک صارف نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا، ’می شو سے آئے ہوئے ویرات اور ایم ایس دھونی۔‘
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور کرکٹ شائقین کے لیے تفریح کا باعث بنی ہوئی ہے۔