Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی حکومت کی باتیں، ایسی بھی اندھیر نگری نہیں ہے: شیخ رشید

شیخ رشید کے مطابق اپوزیشن کے جلسے کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف قومی حکومت کی بات کر کے بے نقاب ہو گئے ہیں۔
شیخ رشید نے جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پہلا موقع ہے کہ شہباز شریف کی بلی بھی تھیلے سے باہر آ گئی ہے کہ قومی حکومت بنے گی۔ پھر کوئی کہے گا کہ ٹیکنوکریٹ کی حکومت بنے گی۔‘
’شہباز شریف نے کہا کہ قومی حکومت بنائیں گے، کیا ہم بے کار بیٹھے ہیں، ایسی کی تیسی، یہ ان کی اندھیر نگری نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’20 مارچ سے اسمبلی کا بیرونی حصہ اور پارلیمنٹ لاجز کو ایف سی اور رینجرز پروٹیکشن دے گی جبکہ 20 مارچ سے سے دو اپریل تک اسلام آباد کی سکیورٹی کے لیے رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔‘
انہوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور حکومت کے اتحادیوں سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’جو لوگ اپنے ضمیر کی بولیاں لگاتے ہیں انہیں کبھی عزت نصیب نہیں ہوتی۔ جو اپنا ضمیر بیچے گا، یہ قوم کا فرض ہے کہ وہ اس کا منہ کالا کرے۔‘
’نسلی اور اصلی لوگ امتحان کے وقت ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں وہ جیتے یا ہارے۔ ووٹ ڈالنا ہر رکن اسمبلی کا حق ہے، کسی کے بھی قومی اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے لیے آنے پر رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔‘
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ ’25 مارچ کو اپوزیشن کے جلسے کو سکیورٹی دیں گے۔ اس کے بعد مطلع صاف ہونا شروع ہو جائے گا۔‘
انہوں نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’تصادم کی طرف نہ جائیں ورنہ جھاڑو پھر جائے گا۔ 25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسہ اِن ایکشن ہوگا۔‘

شیئر: