تحریک عدم اعتماد، ’چوہدریوں سے کہوں گا عمران خان کے ساتھ رہیں‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انارکی پھیلانے سے باز رہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کے 172 ووٹ پورے نہیں ہیں۔
منگل کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’ہمارے اتحادی انجوائے کر رہے ہیں. چوہدریوں سے کہوں گا کہ وہ عمران خان کے ساتھ رہیں۔‘
حکومت کے اتحادیوں کے ذکر پر انہوں نے معروف شاعرہ پروین شاکر کا مصرعہ پڑھ کر سنایا، وہ جہاں بھی گیا لوٹا تو میرے پاس آیا۔
ان کے مطابق ’سارے اتحادی عمران خان کی طرف ہی آئیں گے۔‘
شیخ رشید نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کی بے وقوفی کے باعث عمران خان مزید مقبول ہو گئے ہیں، لوگ مہنگائی کو بھول گئے ہیں۔
ان کے بقول جموری پراسس مکمل ہونے میں ایک سال باقی ہے، اپوزیشن کی عقل پر ماتم کرنے کو دل کرتا ہے کہ ایسے وقت میں یہ پھڈا کھڑا کر لیا۔
تحریک عدم اعتماد کو روکنے کے لیے کوئی تیسرا راستہ نکالنے کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا ’گل ودھ گئی اے مختاریا، اب ایسا نہیں ہو سکتا۔‘
انہوں نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہ وہ انارکی نہ پھیلائے۔
’اس کا نتیجہ الٹا نکلے گا، اب تو ایک سال کی بات ہے، پھر 10 سال انتظار کرنا پڑے گا۔‘
شیخ رشید نے ایک بار پھر کہا کہ ’23 سے 30 مارچ تک کا جو ہفتہ ہے اس سے عمران خان سرخرو ہو کے نکلیں گے۔‘
عمران خان کی جانب سے جلسے کیوں شروع کر دیے گئے ہیں؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’میرے حساب سے وہ اب بھی ایک مہینہ لیٹ ہوئے ہیں۔‘
’جلسوں سے سیاست دان کو نیا حوصلہ ملتا ہے۔‘
’ان جلسوں کے بعد وہ ایم این ایز بھی سوچیں گے کہ جن کو کوئی خطرہ ہے، ہم بھی ان کو ٹکٹ دینے کا یقین دلاتے ہیں۔‘
مولانا فضل الرحمان کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کو ایسے گفتگو زیب نہیں دیتی۔
مسلم لیگ ق کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں تبصرے سے احتراز کرتے ہوئے کہا ’کچھ کہوں گا تو وہ خفا ہو جائیں گے۔‘
وزیرداخلہ نے کہا کہ ’امپائر پاکستان کے ساتھ ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ افراتفری نہ پھیلے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ حالات میں بہتری نہ آئی تو کیا ہو گا، اس پر انہوں نے بات سمیٹے ہوئے کہا ’پھر دما دم مست قلندر ہو گا۔‘