Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات عالمی انرجی کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلیے روس کے ساتھ تعاون کا خواہاں

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ ماسکو میں اپنی بات چیت کے دوران ایران، شام اور عراق پر بھی بات کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات عالمی انرجی کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے روس کے ساتھ تعاون کا خواہش مند ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا کہ توانائی اور خوراک کی منڈیوں کے استحکام کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔‘
خیال رہے کہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس پر عائد مغربی پابندیوں نے توانائی کی عالمی منڈیوں کو متاثر کیا ہے اور اب سب کی نگاہیں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر ہیں، کیونکہ صارفین روسی تیل کی متبادل سپلائی کی تلاش میں ہیں۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اب تک یہ کہتے ہوئے کہ وہ اوپیک پلس اتحاد (جس میں روس بھی شامل ہے) کے تحت پیداوار کے ایک معاہدے کے پابند ہیں، تیل کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے اپنی اضافی پیداواری صلاحیت کو استعمال کرنے کی امریکی درخواستوں کی مخالفت کی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کے حوالے سے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کا کہنا تھا کہ ہم یوکرین کے بحران میں ثالثی کی تمام کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات پرامن حل کے مواقع کو مضبوط کرنے کے لیے فریقین کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔‘
متحدہ عرب امارات نے مغرب اور روس کے تنازع میں نیوٹرل رہنے کی کوشش کی ہے۔ اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی یوکرین پر روسی حملے کے خلاف قرارداد کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا، جسے روس نے ویٹو کر دیا تھا۔
اماراتی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ماسکو میں اپنی بات چیت کے دوران ایران، شام اور عراق پر بھی بات کریں گے۔

شیئر: