Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر پریمیئر لیگ کا ناک آؤٹ مرحلہ انگلینڈ کے میدانوں پر؟

کشمیر پریمئیر لیگ میں کا پہلا ایڈیشن گزشتہ برس پاکستان کے زیر انتظام کشمیر  کے شہر مظفرآباد میں کھیلا گیا تھا۔ فائل فوٹو: کے پی ایل
کشمیر پریمئیر لیگ کے حکام کے پی ایل کے دوسرے ایڈیشن کے سیمی فائنلز اور فائنل انگلینڈ میں منعقد کروانے کے لیے سرگرم ہیں۔
حکام کے مطابق ’کشمیر پریمئیر لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل انگلینڈ میں کروانے کے لیے انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے بات چیت جاری ہے۔‘  
کشمیر پریمئیر لیگ کے سی ای او چوہدری شہزاد اختر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ‘رواں برس کے پی ایل کے دوسرے سیزن کا ناک آوٹ مرحلہ انگلینڈ میں کروانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے کے پی ایل کی انتظامیہ انگلینڈ میں موجود ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ‘پاکستان میں سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے بعد لیگ کا ناک آوٹ مرحلہ انگلینڈ میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشمیریوں کی بڑی تعداد انگلینڈ میں مقیم ہے اور وہ مقامی کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ انگلینڈ میں میچز کے انعقاد کا مقصد عالمی طور پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنا بھی ہے۔‘  
کشمیر پریمیئر لیگ کے حکام سیمی فائنلز اور فائنل انگلینڈ کے ہیڈنگلے اور ایجبسٹن کے میدان پر کروانے کے خواہش مند ہیں۔  
واضح رہے کہ پہلے سیزن کے دوران انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت کرنے سے روک دیا تھا اور متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں نے انڈین کرکٹ بورڈ کے دباؤ کی وجہ سے لیگ میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی تھی۔ 
اس معاملے پر پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ 
کشمیر پریمئیر لیگ میں کا پہلا ایڈیشن گزشتہ برس پاکستان کے زیر انتظام کشمیر  کے شہر مظفرآباد میں کھیلا گیا تھا۔ رواں برس لیگ میچز بھی مظفرآباد میں منعقد کیے جائیں گے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال لیگ کو این و سی جاری نہیں کیا۔  
کے پی ایل حکام کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا این او سی بھی جلد جاری کر دے گا۔  
کے پی ایل کے سی ای او کے مطابق ’کے پی ایل کا دوسرا سیزن اگست میں شروع ہونے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔‘  
دوسری جانب کشمیر پریمیئر لیگ کی ایک فرنچائز  کے حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ ’کے پی ایل کے دوسرے ایڈیشن کا ناک آوٹ مرحلہ انگلینڈ میں کروانے سے متعلق کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔‘  
انہوں نے تصدیق کی کہ ‘کے پی ایل کے حکام انگلینڈ میں میچز کے انعقاد کے لیے انگلینڈ میں ہی موجود ہیں اور بات چیت جاری ہے تاہم فرنچائزز سے اس بارے میں تاحال کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔‘  

شیئر: