Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا پابندیوں میں تبدیلی، امارات جانے والوں کو اب کیا کرنا ہوگا؟

وزارت صحت کے مطابق جمعے کو چوبیس گھنٹوں میں تین لاکھ 75 ہزار579 ٹیسٹ کیے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیوں میں تبدیلی کرتے ہوئے مطلع کیا ہے کہ وبا کے مریضوں کے ساتھ براہ راست رابطے میں آنے والوں کو پہلے اور ساتویں روز پی سی آر ٹیسٹ سے گزرنا پڑے گا کیونکہ یہی وہ وقت ہوتا ہے جب بیماری کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے سے لاگو ہونے والا یہ ضابطہ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شعبہ صحت کے حکام کے تعاون سے جاری کیا ہے۔
اسی طرح این سی ای ایم اے اور آئی سی پی کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ یو اے ای میں زمینی راستے سے داخل ہونے والے تمام مسافر آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے پابند نہیں ہوں گے۔
تاہم ان کے لیے ریپڈ ایکسپونینشل ڈیپ ایگزامینیشن (ای ڈی ای) سے گزرنا ضروری ہو گا اور اس کا نتیجہ آنے تک ان کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکومت کی جانب سے اعلان کردہ یہ ضابطہ ویکسین لگوانے اور نہ لگوانے والے دونوں قسم کے مسافروں پر لاگو ہوگا۔
این سی ای ایم اے اور آئی سی پی کی جانب سے رہائشیوں اور مقیم غیرملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ عوامی مقامات جیسے مالز، سیاحتی مقامات یا دیگر تقریبات میں داخل ہوتے ہوئے گرین پاس پروٹوکول کی پابندی کریں۔
ضابطے کی یہ تبدیلی یو اے ای حکومت کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کو کورونا وبا سے محفوظ رکھنا ہے۔
جمعے کے روز وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 75 ہزار579 ٹیسٹ کیے گئے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ نئے کیسز کے بعد متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 89 ہزار452 تک پہنچ گئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 882 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 62 ہزار730 ہوگئی ہے۔

شیئر: