Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں ٹرینڈ کیوں کر رہا ہوں، اصل وسیم اکرم بھی حیران

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی کو پنجاب میں وزارت اعلی کا امیدوار قرار دیا اور اپنی پارٹی کے عثمان بزدار سے استعفی لیا تو ’وسیم اکرم‘ کے ذکر نے سابق پاکستانی کرکٹر کو حیرت کے اظہار پر مجبور کر دیا۔
پیر کے روز سیاسی ماحول میں ہونے والی تبدیلی کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا استعفی لیا گیا تو حکومت کے حامی و مخالفین نے اپنے اپنے انداز میں اس پر تبصرہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے حامی وزیراعلی کی تبدیلی کو ان کا درست فیصلہ قرار دیتے رہے، جب کہ مخالفین ’وزیراعلی نہ بدلنے‘ کے ان کے بیانات یاد دلا کر حکومت اور اس کے حامیوں پر تنقید کرتے رہے۔
عثمان بزدار کے ذکر کے دوران وزیراعظم عمران خان کی متعارف کردہ اصطلاح ’وسیم اکرم پلس‘ کا بھی ذکر کیا جاتا رہا۔ یہ سلسلہ اتنا بڑھا کہ وسیم اکرم کا نام ٹرینڈز لسٹ کا حصہ بن گیا۔
اس موقع پر سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے علم نہیں کہ میں کیوں ٹرینڈ کر رہا ہوں۔‘

اپنے تبصرے میں انہوں نے اظہار حیرت کے لیے استعمال ہونے والے ایموجی کو بھی ٹویٹ کا حصہ بنایا۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 2019 میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو وسیم اکرم پلس کا لقب دیا تھا۔ ایسا کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر وسیم اکرم اور انضمام الحق کی صورت جن کھلاڑیوں کو چنا وہ بعد میں سپر سٹار بنے، اب عثمان بزدار کو منتخب کرنے کا ان کا فیصلہ بھی ایسا ہی ہے۔

وسیم اکرم کی جانب سے اپنا نام ٹرینڈ کرتا دیکھ کر حیرت کا اظہار ہوا تو کئی صارفین نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کا نہیں بلکہ وسیم اکرم پلس یعنی عثمان بزدار کا ذکر کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں خود کو بچانے کے لیے وزیراعلی پنجاب کے قربانی کا ذکر کرنے والوں نے عثمان بزدار کی تبدیلی کو عمران خان کا درست فیصلہ بھی قرار دیا۔

شیئر: