Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع

پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بھی عدم اعتماد کی تحریک جمع کرا دی ہے۔
عدم اعتماد کی تحریک جمع کروانے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن نے سپیکر صوبائی اسمبلی سے فوری اجلاس بلانے کی بھی ریکوزیشن جمع کروا دی ہے۔  
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کروائی جا چکی ہے۔ 
پنجاب اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کچھ اس طرح ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کے 184 ارکان ہیں جبکہ ان کو اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل ہے جس کی 10 نشستیں ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے انتخاب کے وقت چار آزاد ارکان جبکہ پاکستان راہِ حق پارٹی کے ایک رکن نے بھی ان کو ووٹ دیا تھا۔
صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن کے 172 ارکان ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سات ارکان ہیں۔
تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد پنجاب اسمبلی کے باہر اپوزیشن رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔
مسلم لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی رانا مشہود اور پیپلز پارٹی کے رکن حسن مرتضیٰ نے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کارکردگی پر تنقید کی اور کہا کہ اب ان کے اقتدار کے دن گنے جا چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عدم اعتماد کی تحریک پر پنجاب اسمبلی کے 126 ارکان کے دستخط ہیں اور دعویٰ کیا کہ ووٹنگ کے وقت ان کے ساتھ 200 سے زائد ارکان ہوں گے۔

شیئر: