Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے باہر پاسپورٹ گم ہونے پر واپسی کیسے؟

پرانا پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں ایئرپورٹ پر انٹری کا ثبوت جوازات کو پیش کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کے مرکزی کمپیوٹر میں غیر ملکی کارکنوں کا مکمل ڈیٹا موجود ہوتا ہے جن میں کارکن کا اقامہ نمبر ان کے پاسپورٹ کے تمام تفصیلات اور دیگر معلومات فیڈ ہوتی ہیں۔
پاسپورٹ کی تجدید کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر استفسات کیا کہ ’چھٹی کے دوران پاسپورٹ ایکسپائر ہو گیا کیا نئے پاسپورٹ پر مملکت آ سکتے ہیں؟‘
اس حوالے سے جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ ’وہ غیرملکی افراد جو اپنے ملک چھٹی پر جاتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ پاسپورٹ کی کم از کم مدت چھ ماہ ہو۔‘
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا کہنا تھا مملکت سے خروج وعودہ پر جانے والے کا پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی صورت میں متاثرہ شخص کو اس بات کا واضح ثبوت مہیا کرنا ہوگا کہ پاسپورٹ گم ہوگیا جس کے لیے اپنے علاقے کی پولیس رپورٹ جو امیگریشن کے ادارے سے مصدقہ بھی ہو پیش کرنا ہوتی ہے۔
’ایسے افراد جن کے پاسپورٹ بیرون مملکت رہتے ہوئے ایکسپائر ہو جاتے ہیں انہیں چاہیے کہ مملکت پہنچنے پر محکمہ امیگریشن میں اس بات کا ثبوت پیش کریں کہ ان کا پاسپورٹ گم ہو گیا ہے اور وہ نئے پاسپورٹ پر مملکت آئے ہیں۔‘
جوازات کے مطابق ایسے افراد جو متبادل (ڈپلیکیٹ) پاسپورٹ پر مملکت آتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سعودی عرب آنے کے بعد جوازات کے کسی بھی دفتر سے اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔ بعدازاں اپنے سپانسر کے ذریعے نئے پاسپورٹ کا اندراج جوازات کے سسٹم میں کرائیں جسےعربی میں نقل معلومات کہا جاتا ہے۔
نئے پاسپورٹ کی انٹری سپانسر اپنے ’مقیم‘ سسٹم کے ذریعے بھی کر سکتا ہے تاہم بعض اوقات سسٹم میں معاملہ اپ لوڈ نہ ہونے کی صورت میں ابشر کی سروس ’تواصل‘ پر جوازات کی جانب سے آنے والے پیغام کی فوٹو کاپی کرائیں اور جوازات کے دفتر سے رجوع کریں۔

ایسے افراد جو متبادل (ڈپلیکیٹ) پاسپورٹ پر مملکت آتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سعودی عرب آنے کے بعد جوازات کے کسی بھی دفتر سے اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

خیال رہے پاسپورٹ کی نقل معلومات کے لیے نئے اور پرانے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اوراقامہ کی کاپی بھی جمع کرانا ضروری ہے جبکہ اصل پاسپورٹ بھی جوازات کے اہلکار کو دکھایا جائے گا۔
خیال رہے کہ پرانا پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں ایئرپورٹ پر انٹری کا ثبوت جوازات کو پیش کیا جائے گا۔ مملکت میں تمام افراد کا کمپیوٹرائز ڈیٹا محفوظ ہونے کی وجہ سے قانونی معاملات کافی آسان ہو گئے ہیں۔
خروج وعودہ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ’فیملی ڈرائیور بیرون مملکت گیا ہوا ہے جہاں اس کا خروج وعودہ ایکسپائر ہوگیا، کس طرح تجدید ہوگا؟‘
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’بیرون مملکت گئے ہوئے غیرملکی کارکن کا خروج وعودہ ایکسپائر ہونے پراس کی مدت میں توسیع کرائی جا سکتی ہے۔‘
’بیرون مملکت گئے کارکن کے سپانسر کے ذریعے خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کرانے کے لیے سب سے پہلے مطلوبہ مدت کی فیس ادا کی جائے گی جس کے بعد جوازات کے ابشر یا مقیم اکاؤنٹ کے ذریعے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی کمانڈ دی جائے۔‘

جوازات کا کہنا ہے کہ ’بیرون مملکت گئے ہوئے غیرملکی کارکن کا خروج وعودہ ایکسپائر ہونے پراس کی مدت میں توسیع کرائی جا سکتی ہے۔‘ (فائل فوٹو: سعودی گزٹ)

واضح رہے بعض افراد کی جانب سے یہ غلطی ہو جاتی ہے کہ وہ فیس جمع کراتے وقت اس امر کا خیال نہیں رکھتے اور وہ محض ’خروج وعودہ کی فیس‘ کے آپشن کو استعمال کرتے ہیں جبکہ مملکت سے باہر گئے ہوئے افراد کے لیے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کا آپشن استعمال کرنا چاہیے تاکہ اسی مد میں فیس جمع ہو جس کے بعد ابشر یا مقیم پر خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے آپشن کی کمانڈ دی جائے۔

شیئر: