Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو 2020: بہترین پویلین کا ایوارڈ پاکستان کے نام

عبدالرزاق داؤد کے مطابق ’10 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا (فوٹو: وزارت تجارت)
پاکستان کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو 2020 کے لیے سب سے بہترین پویلین بنانے پر پاکستان کو سلور ایوارڈ دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ 192 پویلینز میں پاکستان کا انتخاب بین الاقوامی جیوری نے کیا۔
پاکستان نے پچھلے ہفتے بہترین بیرونی ڈیزائن کی بدولت برج سی انعام حاصل کیا تھا جبکہ موجودہ ایوارڈ انٹیریئر ڈیزائن کے لیے دیا گیا۔
دبئی ایکسپو کا آغاز پچھلے سال اکتوبر میں ہوا، اس دوران 10 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پاکستان کے پویلین کا دورہ کیا۔
وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے جمعرات کو اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ’
ایکسپو 2020 کے لیے بنائے گئے پویلینز میں سے بہترین کا انتخاب کرنے کے لیے بین الاقوامی جیوری کی خدمات حاصل کی گئی تھیں، جس نے پاکستانی پویلین کو 192 پویلینز میں سب سے بہترین قرار دیتے ہوئے سلور ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’ہم کو اس ایونٹ کا زبردست رسپانس ملا اور ہماری توقعات سے بڑھ کر 10 لاکھ سے زائد سیاحوں نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔‘
مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بہترین تخلیقی کارکردگی دکھانے پر پاکستان کی ٹیم اور یو اے ای میں پاکستان کے سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا انہوں نے پویلین میں شاندار طور پر پاکستان کی ثقافت کو پیش کیا۔
خیال رہے کہ ایکسپو 2020 کی اختتامی تقریب جمعرات کی رات منعقد ہوئی، جس میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

شیئر: