Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی کا دبئی ایکسپو 2020 میں سعودی پویلین کا دورہ

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں دبئی ایکسپو 2020 کا دورہ کیا، وہ سعودی، اماراتی، او آئی سی اور پاکستانی پویلین بھی گئے۔
سعودی پویلین کا دورہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی ایکسپو 2020 میں سعودی پویلین کا دورہ کیا۔
سعودی پویلین پہنچنے پر سعودی اسٹنٹ کمشنر جنرل حسین حنبزازا نے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا۔
وزیر خارجہ نے سعودی پویلین کے ڈیزائن اور خدوخال کو سراہتے ہوئے اسے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا عکاس قرار دیا۔
سعودی اسٹنٹ کمشنر جنرل حسین حنبزازا نے سعودی پویلین کا دورہ کرنے اور اسے سراہنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
متحدہ عرب امارات کے پویلین کا دورہ
شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے پویلین کا بھی دورہ کیا۔ ڈائریکٹر پویلین نے اماراتی پویلین کا دورہ کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے پویلین کے مختلف حصے دیکھے اور تاریخی و ثقافتی ورثے کی منفرد نمائش کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے ایکسپو 2020 کے کامیاب انعقاد پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کو مبارک باد بھی پیش کی۔
وزیر خارجہ کا پاکستان پویلین کا دورہ
پاکستان پویلین پہنچنے پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود، دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسن افضل خان اور ڈائریکٹر پویلین رضوان طارق نے شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کیا۔
ڈائریکٹر پویلین نے وزیر خارجہ کو پاکستانی پویلین کے ڈیزائن اور خدوخال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ نے سعودی پویلین کے ڈیزائن کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کا عکاس قرار دیا (فائل فوٹو: ایس پی اے)

انہیں بتایا گیا کہ ’اب تک 10 لاکھ کے قریب افراد ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا دورہ کرچکے ہیں۔‘
 بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پویلین کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور سیاحت سمیت سات مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ’پاکستان پویلین، اپنے منفرد ڈیزائن کے باعث، دبئی ایکسپو 2020 کے پہلے پانچ پویلینز میں شامل ہے جو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھا جارہا ہے۔‘
وزیر خارجہ نے پویلین کے ڈیزائن اور خوب صورتی کو سراہا اور منتظمین کو اس کی کامیابی پر مبارک باد دی۔
او آئی سی پویلین کا دورہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دبئی ایکسپو 2020 میں او آئی سی کے پویلین بھی گئے۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ’ابوظبی میں ڈائریکٹر پویلین او آئی سی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کیا۔‘
وزیر خارجہ نے او آئی سی پویلین میں بذریعہ ویڈیو میسج، او آئی سی کے تمام وزرائے خارجہ کو 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

شیئر: