Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20: دلچسپ مقابلے بعد آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف تین وکٹوں سے جیت

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 میچ گزشتہ برس ورلڈکپ کا سیمی فائنل تھا جو آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو 163 رنز کا ہدف دیا تھا جسے مہمان ٹیم نے آخری اوور میں مکمل کر لیا۔
کپتان ایرون فنچ  شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ  14 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی جوش انگلس تھے جنہوں نے 15 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔ وہ عثمان قادر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
محمد وسیم نے مارکوس سٹونس کو آؤٹ کیا۔ وہ 23 رنز بنا سکے۔ مارنوس لابوشین کو عثمان قادر نے سٹمپ آؤٹ کیا۔ 
قبل ازیں منگل کو آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی تو کپتان بابر اعظم کی نصف سینچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں گرین شرٹس نے 162 رنز بنائے۔ 
بابر اعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کرتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے سکور کو آٹھویں اوور میں 67 تک پہنچایا۔ اس موقع پر محمد رضوان 23 رنز بنانے کے بعد گرین کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ انہوں نے 19 گیندوں کا سامنا کیا۔
رضوان کے بعد آنے والے بلے باز فخر زمان اگلی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے ایک فل ٹاس گیند قریب کھڑے فیلڈر کو آسان کیچ کی صورت میں تھمائی۔
پاکستان کی تیسری وکٹ افتخار احمد کی گری جنہوں نے 13 رنز بنائے۔ انہوں نے 13 ہی گیندوں کا سامنا کیا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 46 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 118 تھا۔
پانچویں وکٹ آصف علی کی صورت میں گری جو تین رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد خوشدل شاہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے کیچ دے بیٹھے۔
حسن علی آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی تھے جنہوں نے چار گیندوں پر دس رنز سکور کیے۔ عثمان قادر نے چھ گیندوں پر 18 رنز بنائے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 میچ گزشتہ برس ورلڈ کپ کا سیمی فائنل تھا (فوٹو اے ایف پی)

قبل ازیں ٹاس ہارنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کرتے۔ 
پاکستان کی ٹیم میں محمد رضوان، بابر اعظم، فخر زمان، آصف علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور عثمان قادر شامل ہیں۔ 
آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ کے ساتھ ٹراوس ہیڈ، جوش انگلس، مارنوس لبوشین، مارکس سٹوئنس، کیمرون گرین، بین میکڈرموٹ، شین ایبٹ، بین ڈوارشیس شامل ہیں۔
رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل یہ میچ اہمیت کا حامل ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 میچ گزشتہ برس ورلڈکپ کا سیمی فائنل تھا جو آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔
اس میچ میں میتھیو ویڈ اور مارکس سٹوئنس کی بیٹنگ کے بدولت پاکستان کو شکست ہوئی تھی۔
آج کے میچ میں اس ٹیم کے صرف تین کھلاڑی شریک ہیں جس نے پاکستان کو ہرایا تھا۔ ان میں سٹوئنس، ایرون فنچ اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔
آسٹریلیا نے اپنے آخری 12 ٹی 20 میچز میں سے دس جیتے ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم نے آخری 12 میچوں میں سے 11 میں فتح حاصل کی ہے۔

شیئر: