Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی 20 برس بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں فتح

پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر 20 برس بعد سیریز اپنے نام کرلی۔
سنیچر کو پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 41.5 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے 37.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر یہ ہدف آسانی سے حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم نے سینچری بنائی، امام الحق نے 89 رنز سکور کیے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے اوپنر فخر زمان نے جارحانہ کھیل پیش کیا، لیکن وہ چوتھے اوور میں نیتھن ایلس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اُدھر آسٹریلیا کو اننگز کے آغاز ہی سے شدید مشکلات کا سامنا رہا کیونکہ اس کے دونوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
ٹریوس ہیڈ کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا، جبکہ ایرن فنچ حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے الیکس کیری نے 56، شان ایبٹ نے 49 اور کیمرون گرین نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان تین کھلاڑیوں کے سوا آسٹریلیا کے دیگر بیٹرز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
مارنس لبوشین چار کے سکور پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے ان کا کیچ افتخار احمد نے پکڑا، جبکہ مارکس سٹوئنس زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بین میک ڈرمٹ نے 36 رنز سکور کیے، لیکن وہ محمد وسیم کا شکار بنے، جبکہ کیمرون گرین بھی 34 رنز ننا کر محمد وسیم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
ایلکس کیری نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور وہ بھی افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جیسن بہرن ڈروف ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ انہیں شاہین شاہ آفریدی نے شکار کیا۔
 نیتھن ایلس بھی آتے ہی محمد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور شان ایبٹ حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے صرف ایک تبدیلی کی گئی۔ سعود شکیل کی جگہ آج ٹیم میں آصف علی کو کھیلنے کا موقع دیا گیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ، لیگ سپنر مائیکل سویپسن کی جگہ فاسٹ بولر جیسن بہرن ڈروف کو کھلایا گیا۔
سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا ایک روزہ میچ پاکستان نے چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔ 
یاد رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل 2002 میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔
 

شیئر: