Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیشتر عرب ممالک کورونا کے اثرات سے باہر نکلنے لگے: الجدعان

رواں برس عرب ممالک کی معیشت کی شرح نمومیں بہتری آئی (فوٹو، ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں عرب مالیاتی اداروں کے مشترکہ سالانہ اجلاس کا افتتاح سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے جمعرات کو جدہ میں کیا ۔  
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس میں عرب ممالک کے وزرائے خزانہ و عرب مالیاتی اداروں کی کونسلز کے ارکان و سربراہ ،عرب سینٹرل بینکوں کے گورنرزاور فنڈنگ کے عرب اداروں کے ڈائریکٹرز شریک ہوئے ۔ اجلاس میں عالمی مالیاتی فنڈ، بین الاقوامی بینک گروپ ، اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے نیز مالیاتی و اقتصادی شعبوں کے متعدد ماہرین بھی موجود تھے۔  
اجلاس کے شرکا نے عرب ممالک میں ترقیاتی منصوبوں کی مالی و تکنیکی مدد اورمشترکہ عرب جدوجہد کے فروغ میں تعاون کے حوالے سے مالیاتی اداروں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔
انہوں نے عرب ممالک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں اور مشترکہ عرب مالیاتی اداروں کے پیش کردہ ورکنگ پیپرز ، مجوزہ منصوبوں اور نئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔  
علاوہ ازیں 2022 کےلیے سرمایہ کاری و فنڈنگ پروگراموں کی منظوری کا جائزہ لیا گیا اور عرب مالیاتی اداروں کی کارکردگی پر بھی بحث ہوئی۔  

اجلاس میں عرب مالیاتی اداروں کی کارکردگی پر بھی بحث ہوئی (فوٹو، ایس پی اے)

سعودی وزیر خزانہ نے اجلاس میں شریک وفود کے سربراہوں اور ارکان کو خادم حرمین شریفین کی جانب سے خیر سگالی اور رمضان کی مبارکباد کا پیغام پہنچایا ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب مشترکہ عرب جدوجہد کی مدد کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہےگا ۔ مملکت علاقائی، ترقیاتی اداروں کے توسط سے عرب ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے ۔  
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ مملکت نے انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے سلسلے میں ہمیشہ تعاون کیا جو آئندہ بھی  جاری رہے گا ۔  
وزیر خزانہ نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ اکثر عرب ممالک کورونا وبا کے اثرات سے نکلنے لگے ہیں ۔ شرح نمو بحال ہونے لگی ہے ۔

اکثر عرب ممالک کورونا وبا کے اثرات سے نکلنے لگے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)

عرب مالیاتی فنڈ کے تخمینے بتا رہے ہیں کہ 2022 کے دوران عرب ممالک کی معیشت میں مجموعی شرح نمو 5.0 فیصد ہو گی جبکہ 2021 میں شرح نمو 2.9 فیصد تھی۔  
الجدعان نے توجہ دلائی کہ مملکت وبا کے اثرات سے آگے بڑھ گیا ہے ۔ مملکت نے اقتصادی سرگرمیوں کی سرپرستی نیز مقامی شہریوں اورغیرملکیوں کو وبا کے اثرات سے بچانے کےلیے بے نظیر اقدامات کرکے بحران سے تیزی سے نکلنے کا ہدف حاصل کیا۔  

شیئر: