Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا راہل گاندھی نے واقعی عمران خان کے متعلق ٹویٹ کی؟

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی شیخ رشید نے اتوار کو اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کرنے کے لیے انڈین جماعت کانگریس کے ایک ٹویٹ کا سہارا لیا جو دراصل جعلی تھی۔
اپنے گھر ’لال حویلی‘ کے باہر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ’آج راہل گاندھی نے مودی کو ٹویٹ کیا ہے کہ جو قوم 10 ارب میں بک جاتی ہے تم نے اس کے لیے توپیں لیں اور ٹینک لیے۔‘
یہاں شیخ رشید راہل گاندھی کی ایک ایسی ٹویٹ کا ذکر کررہے ہیں جسے اگر ڈھونڈا بھی جائے تو راہل گاندھی کے تصدیق یافتہ اکاؤنٹ پر نہیں ملے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اتوار کی صبح راہل گاندھی کی ایک جعلی ٹویٹ کا سکرین شاٹ گردش کررہا ہے۔ اس جعلی سکرین شاٹ کو اب تک درجنوں بار شیئر کیا جاچکا ہے۔

جعلی ٹویٹ میں راہل گاندھی کی طرف سے منسوب کرکے لکھا گیا ہے کہ ’مودی کو قوم کو وضاحت دینی چاہیے کہ انہوں نے کیوں پاکستان سے لڑنے کے نام پر اربوں ڈالرز کے مہنگے ہتھیار کیوں خریدے جب پورے پاکستان کو ایک ارب ڈالرز میں خریدا جاسکتا تھا۔‘
ٹوئٹر پر کالم نگار علی معین نوازش نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی راہل گاندھی کی جعلی ٹویٹ کے حوالے سے لکھا کہ ان جعلی سکرین شاٹس کا استعمال پی ٹی آئی کی جانب سے بیرونی سازش کے دعوے کو سچ دکھانا ہے۔
واضح رہے عمران خان ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عمران خان کو اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے وزارت اعظمیٰ کے منصب سے ہٹادیا تھا۔
پی ٹی آئی اور عمران خان کا دعویٰ ہے کہ ان کی حکومت امریکی سازش کے ذریعے گرائی گئی ہے اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس سازش کا ساتھ دیا ہے۔
امریکی محمکہ خارجہ اور پاکستانی سیاسی جماعتیں ان الزامات کی تردید کرچکی ہیں۔

شیئر: