Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے میں تاخیر، ن لیگ کی درخواست لارجر بینچ سنے گا

درخواست میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل لارجر بینچ جمعے کو ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرے گا۔
جمعرات کو ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
درخواست میں بتایا گیا کہ ڈپٹی سپیکر کا جاری کردہ13 اپریل کا سرکلر جس میں اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کیا گیا آئین سے متصادم ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی سپیکر کو قومی اسمبلی کے سپیکر کے الیکشن کے لیے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے۔
عدالت سے درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے اور ڈپٹی سپیکر کو قومی اسمبلی کے سپیکر کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔
درخواست میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے سنیچر کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کیا تھا۔

ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے پی پی

اسمبلی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کا بروز سنیچر سہ پہر 4 بجے ہونے والا اجلاس اب بروز جمعہ 22 اپریل کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہو گا۔
اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی قائم مقام سپیکر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریق کار 2007 کے قاعدہ 49 کی ذیلی شق 2 (بی) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کی تھی۔

شیئر: