Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نومنتخب وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز سے حلف کون لے گا؟

مقامی میڈیا کے مطابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیر اعلٰی حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کردیا ہے (فائل فوٹو: پی ٹی آئی میڈیا سیل)
پنجاب کی صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور ایم پی اے حمزہ شہبباز کو وزیراعلٰی منتخب کر لیا ہے۔
تاہم اس وقت ایک ایسی صورت حال ہے جس میں یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ حمزہ شہباز سے حلف کون لے گا؟
آئینی طور پر کسی بھی صوبے کا گورنر نئے منتخب ہونے والے وزیراعلٰی سے حلف لیتا ہے لیکن پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق پنجاب میں حال میں تعینات کیے جانے والے گورنر عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلٰی حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کر دیا ہے۔
آئینی طور پر اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو ان کی جگہ سپیکر صوبائی اسمبلی حلف لے سکتے ہیں تاہم صورت حال یہ پیدا ہوگئی ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی جو کہ حمزہ شہباز کے مقابلے میں وزارت اعلٰی کے امیدوار بھی تھے انہوں نے اپنے ایک بیان میں حمزہ شہباز کو سرے سے وزیراعلٰی ماننے سے ہی انکار کر دیا ہے۔
سپیکر آفس کے مطابق پرویز الٰہی بھی حمزہ شہباز سے حلف نہیں لیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے صدر مملکت عارف علوی نے بھی حلف نہیں لیا تھا۔ صدارتی آفس کے مطابق وہ اچانک بیمار ہو گئے تھے۔
صدر کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا، جبکہ پنجاب میں صورت حال اس سے بھی مختلف ہے۔
آئینی ماہرین کے مطابق ایسی صورت حال میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نو منتخب وزیراعلٰی سے حلف لے سکتے ہیں۔
دوسری طرف ابھی تک لاہور ہائی کورٹ آفس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ چیف جسٹس نو منتخب وزیراعلٰی سے حلف لیں گے یا نہیں۔

شیئر: